ضلع گیا کے امام گنج بلاک میں واقع کوئیں بار گاؤں کے رہنے والے سید احمد نے آئی آئی ٹی داخلہ امتحان 'جے ای ای ایڈوانس ' کا امتحان پاس کیا ہے جس کی وجہ سے اب وہ انجنیئرنگ کی تعلیم مکمل کریں گے۔ سید احمد کے والد مسجد کے امام ہیں اور انہوں نے کم آمدنی کے باوجود اپنے بیٹے کو اعلی تعلیم کے لیے راہیں ہموار کیں۔ حالانکہ سید احمد نے کسی کوچنگ کا سہارا نہیں لیا بلکہ ایک روٹین تعلیم یعنی کہ علاقے کے ایک اسکول سے دسویں کلاس تک کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد شہر میں واقع مرزا غالب کالج سے بارہویں کی تعلیم حاصل کی اور اسی دوران انہوں نے خود سے جے ای ای ایڈوانس امتحان کی تیاری کی۔
ان کی یہ کامیابی اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ ان کے والد نے معمولی تنخواہ میں بھی تعلیم کے لیے بیٹے کا بھرپور تعاون کیا۔ دراصل سید احمد کا تعلق ضلع گیا کے ہیڈکوارٹر سے تقریباً 80 کلومیٹر دور امام گنج بلاک کے کوئیں بار گاؤں سے ہے۔ یہ علاقہ پسماندہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے کیونکہ یہاں اچھی تعلیم کے لیے کوئی بڑا ادارہ نہیں ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے احمد نے کہا کہ کسی بھی کامیابی کے لیے سخت محنت و مشقت کی ضرورت ہوتی ہے، والدین تو کسی طرح بچوں کو پڑھانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن سب سے اہم یہ ہے کہ طلبہ اپنا مقصد طے کریں کہ ہمیں کیا بننا ہے۔