گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا کے ایک اسکول میں مڈڈے میل کا کھانا کھا کر بیمار پڑے طالبات کی حالت اب مستحکم ہے۔ 40 طالبات میں 28 طالبات کو ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے جبکہ 12 طالبات کو ڈاکٹروں نے آبزرویشن میں رکھا ہے۔ ڈی ایم نے ضلع ایجوکیشن افسر کی قیادت میں جانچ کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ پہلی نظر میں یہ پایا گیا ہے کھانے میں چھپکلی گرگئی تھی۔
گیا ضلع کے نکسل متاثرہ ڈومریا بلاک کے تحت آنے والے میگرا کستوربا اسکول میں دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد 50 سے زیادہ طالبات بیمار پڑ گئی تھیں جن کی اب حالت مستحکم ہے۔ زیادہ تر طالبات کو ابتدائی علاج کے بعد ہسپتال سے چھٹی مل گئی ہے۔ ضلع ایجوکیشن افسر اصغر عالم نے بتایاکہ پورے معاملے کی ڈی ایم تیاگ راجن کی ہدایت پر تحقیق ہورہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ پیش آنے کے بعد فوری طور پر سبھی کو ڈومریا کے سرکاری ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ۔ تقریباً ایک درجن طالبات کی حالت تشویشناک تھی لیکن اب وہ بہتر ہیں۔ فی الحال سبھی زیر علاج ہیں۔ واضح ہوکہ اس واقعہ سے اسکول میں کہرام مچ گیا تھا۔ اس معاملے میں اسکول کا کوئی فرد تفصیل بتانے کو تیار نہیں تھا حالانکہ اس سلسلے میں بعد میں کستوربا اسکول کے ہیڈماسٹر نریندر ترپاٹھی نے بتایا کہ مڈ ڈے میل کھانے کے بعد طلباء کی طبیعت اچانک خراب ہونے لگی تھی۔ انہیں چکر آنے لگے اور قے ہونے لگی تھی۔