گیا:گیا ریلوے اسٹیشن بہار کا سب سے مصروف ترین اسٹیشن ہے ، یہاں سے ہر دن ہزاروں مسافروں کی آمدو رفت ہوتی ہے۔ خاص کر گیا میں منعقد ہونے والے پتر پکش میلہ میں مسافروں کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔اس برس ستمبر ماہ میں پتر پکش میلہ لگے گا۔اس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے سناتن دھرم کے پیروکار اپنے مرحومین کی روح کی تسکین و نجات کے لیے گیا کے مختلف مقامات پر پنڈ دان کرنے پہنچتے ہی۔ سناتن مذہب کا یہ ایک خاص مذہبی رسم ہے۔
یہاں آنے والے عقیدت مندوں کو انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ مقامی لوگوں کی طرف سے ہر طرح کی سہولت دستیاب کرانے کی کوشش کی جاتی ہے ، چو نکہ یہ ریاستی حکومت کا منظور شدہ میلہ ہے تو اسکی تیاری پہلے سے شروع کردی جاتی ہے ، ایسے میں گیا ریلوے اسٹیشن ایک اہم مقام ہے ، آج ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن نے اسٹیشن پہنچ کر جائزہ لیا ۔
انہیں ریلوے کی جانب سے بتایا گیا کہ گیا ریلوے اسٹیشن سے ابھی تقریباً 84 جوڑی ٹرینیں چل رہی ہیں ۔ گیا ریلوے اسٹیشن سے روزانہ 35 ہزار سے 40 ہزار مسافر سفر کرتے ہیں۔ پترپکش میلے کے دوران تقریباً 65 ہزار سے 70 ہزار مسافر روزانہ گیا ضلع آتے ہیں۔ اسٹیشن منیجر نے یہ بھی بتایا کہ زیادہ تر پنڈدانی مدھیہ پردیش ، مہاراشٹر اور ہریانہ سے آتے ہیں۔