بکسر: بہار کی بکسر سنٹرل جیل میں اچانک چھاپہ مارا گیا۔ اس میں آٹھ تھانوں کے پولیس کے ذریعے تمام وارڈوں کی تلاشی لی گئی۔ ساتھ ہی ساتھ قیدیوں سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔ چھاپہ ہفتہ کی صبح 4:35 سے صبح 6:36 تک جاری رہا۔ چھاپہ مار کارروائی کی قیادت سب ڈویڑنل افسر دھیریندر مشرا کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ ایس ڈی پی او گورکھ رام، اے ایس ڈی ایم کمار، بی ڈی او دیپ چند جوشی اور آٹھ تھانوں کی پولیس اس مہم میں شامل تھی۔ دھیریندر مشرا نے اتوار کو بتایا کہ سب نے جیل کے قیدی وارڈوں کو گھیر لیا اور وارڈ کے ہر کونے اور احاطے کی تلاشی لی۔ اس دوران جےلیٹ کمپنی کا شیونگ ریزر اور سیلنگ فین کا کنڈنسر برآمد ہوا۔
بغیر کسی اطلاع کے اس قسم کے چھاپے سے جیل انتظامیہ اور قیدیوں میں افراتفری مچ گئی۔ اس سے پہلے کہ جیل انتظامیہ اور قیدی سمجھ پاتے پولیس اہلکاروں نے انہیں چاروں طرف سے گھیر لیا۔ اس دوران قیدیوں کے تمام وارڈز کی تلاشی لی گئی اور قیدیوں سے پوچھ گچھ کی گئی۔ وہیں جیل سے جو بھی دو اشیاء برآمد ہوئی ہیں، انہیں ممنوعہ اشیاء کے زمرے میں نہیں رکھا جاسکتا۔ ایسے میں فی الحال سب ڈویژنل افسر نے جیل سپرنٹنڈنٹ راجیو کمار، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ تریبھون سنگھ اور جیل کے دیگر اہلکاروں کو سخت چوکسی رکھنے کی ہدایت دی اور پھر واپس چلے گئے۔ افسر کا کہنا ہے یہ ایک حیرت انگیز چھاپہ تھا۔ ایسی کارروائی وقتاً فوقتاً کی جاتی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے منظر عام پر آنے کا امکان نہ رہے اور قیدیوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جاسکے۔