گیا (بہار) :گیا ضلع کے ریلوے اسٹیشن سمیت ڈی ڈی یو ڈیویژن کے دیگر اسٹیشنز کا کل اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں ری ڈیولپمنٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی ان اسٹیشنز کی سنگ بنیاد تقریب میں آن لائن شرکت کریں گے۔ جن اسٹیشنوں کا سنگ بنیاد رکھا جانا ہے ان میں گیا کے علاوہ انوگرہ روڈ، ساسارام، بھبھوا روڑ، کدرا، درگاوتی اور چندولی مجھوار اسٹیشن شامل ہیں۔
وزیر اعظم اتوار کو گیا ریلوے اسٹیشن کی جدید کاری کا سنگ بنیاد رکھیں گے گیا ریلوے اسٹیشن کی سنگ بنیاد تقریب میں عوامی نمائندوں اور دیگر معززین کے علاوہ بڑی تعداد میں اسکول کے طلباء و طالبات اور عام لوگوں کی کثیر تعداد میں موجودگی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ سنگ بنیاد پروگرام میں اسکول کے بچوں کے لیے مضمون نویسی مقابلہ، پینٹنگ مقابلہ وغیرہ کا بھی انعقاد کیا جائے گا اور انہیں انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔ سی پی آر او وریندر کمار نے بتایا کہ محکمہ ریلوے کے ذریعے ’’امرت بھارت اسٹیشن‘‘ منصوبہ نام سے اسٹیشنز کی تزئین کاری اور جدید کاری کے لیے نئی اسکیم تیار کی گئی ہے۔
امرت بھارت اسٹیشن منصوبہ میں طویل مدتی نقطہ نظر کے ساتھ پائیدار بنیادوں پر اسٹیشنز کی ترقی کا منصوبہ بنایا گیا گیا ہے۔ ’’امرت بھارت اسٹیشن‘‘ منصوبہ کے تحت پنڈت دین دیال اپادیاے ڈیویژن کے گیا جنکشن پر قریب 299 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید کاری کا کام ہوگا۔ اس کے تحت گیا جنکشن پر عالمی معیار کی سہولتیں مسافروں کو دستیاب ہوں گی اور ساتھ ہی گیا جنکشن کی عمارتوں کا نظارہ اور اس کا اسٹرکچر بھی تبدیل کیا جائے گا۔ جس طرح سے ایئرپورٹ پر عالمی معیار کی سہولتیں دستیاب ہوتی ہیں اسی طرح گیا اسٹیشن اور دیگر جدید کاری اسٹیشنوں پر دستیاب ہوں گی۔
مزید پڑھیں:Mock Drill At Gaya Railway Station محکمہ ریلوے نے حادثے کے دوران راحت پہچانے کی مشق کی
اس پروگرام کے لئے گیا ریلوے اسٹیشن پر ساری تیاری کر لی گئی ہیں، ایک وسیع پنڈال بھی بنایا گیا ہے جہاں پر بڑی اسکرین کے ذریعے دلی سے براہ راست پروگرام نشر کیا جائے گا۔ گیا ریلوے اسٹیشن پر بھی ڈیویژن کے اعلیٰ افسران موجود ہونگے۔ اسکے علاوہ مقامی رکن اسمبلی، ایم پی، ایم ایل سی اور دیگر رہنما موجوگی رہیں گے۔