پٹنہ : کہتے ہیں ملک ہندوستان ایک تہائی گاؤں پر مشتمل ہے، جہاں آج بھی لوگ ضروری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، مگر جب بدحالی اور بے بسی کی حیران کن تصویر کسی ریاست کے دارالحکومت سے سامنے آئے تو اس صوبہ کی ترقی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
Poor students Deprived Due to negligence of Education Department in Patna
ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ شہر میں کئی ایسے مقامات ہیں جہاں لوگ غربت اور بے بسی کے عالم میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ شہر پٹنہ کے سبزی باغ سے متصل کا یہ علاقہ کسی گاؤں یا قصبہ کا نظارہ پیش کر رہا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ کی رہائش یہاں سے محض چار سے پانچ کیلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ باوجود اس جگہ پر رہنے والے لوگ بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ سب سے بڑا خسارہ یہاں رہنے والے بچوں کا ہو رہا ہے، جن کے لئے تعلیم کا کوئی نظم نہیں ہے۔
گزشتہ دنوں نالندہ کے سونو کمار نے تعلیمی نظام کی پول کھولی تو سرکاری محکمہ سے لیکر غیر سرکاری تنظیموں نے ساری سہولیات فراہم کرا دی، مگر ان جھگی جھونپڑیوں میں رہنے والے سینکڑوں بچے ایسے ہیں جنہوں نے اب تک اسکول کا چہرہ تک نہیں دیکھا، مگر ان میں سے ہی چند بچوں میں پڑھنے کی خواہش ہے۔ تو ان کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی انتظام نہیں ہے۔ نتیجے کے طور پر زمین پر بیٹھ کر ہی یہ بچے گردوغبار کے ساتھ ورق گردانی کرتے ہیں۔