بہار کے گیا میں مجرمانہ واردات اور جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس اب راتوں کو پیدل پیٹرولنگ کرے گی۔ پولیس کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر ضلع پولیس اب رات میں گلی اور محلے میں گشت کرے گی۔ اس کے لیے باضابطہ بیٹ بنائی گئی ہے اور ہر تھانہ میں ایک بیٹ افسر مامور ہوگا جو اپنے علاقے کی نگرانی میں ہوگا۔ پیدل گشت کے علاوہ پہلے ہی کی طرح گاڑیوں کا گشت جاری رہے گا، پیدل گشت کے پیچھے پولیس کے ذریعے گلی اور محلوں اور سڑکوں پر راتوں میں ہونے والی چوری، ڈاکہ زنی اور دیگر مجرمانہ واردات کو روکنا ہے۔
پولیس کی یہ مہم اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ گیا میں جرائم کی واردات میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد پولیس کی کارکردگی اور کارروائی پر سوال کھڑے ہورہے ہیں۔
مقامی باشندوں کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تین افراد سے لاکھوں روپے لوٹ لیے گئے ہیں جبکہ کئی موٹرسائیکل کی چوری، گھروں میں اسلحے کی زد پر رکھ کر لاکھوں کی مالیت کے سامان و زیورات کی چوری، قتل جیسی سنگین واردات پیش آئی ہیں۔ تاہم پولیس کی طرف سے تشفی بخش کارروائی نہیں ہونے سے سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت اردو سے بات کرتے ہوئے سٹی ایس پی راکیش کمار نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح جرائم کو روکنا ہے، ایسا نہیں ہے کہ مجرم گرفتار نہیں ہوئے ہیں، گزشتہ روز ہی امام گنج میں موٹرسائیکل چور گاڑی کے ساتھ گرفتار کیے گئے ہیں۔ تاہم بڑھتی واردات کو لے کر پولیس ہیڈ کوارٹر سخت ہے، پولیس ہیڈ کوارٹر کی ہدایت پر پیدل گشتی ٹیم تیار کی گئی ہے جس میں بیٹ افسر ہوں گے، وہ اپنے علاقے کے ذمے دار ہوں گے۔