ریاست بہار کے شہر گیا میں سی اے اے و این آر سی اور این پی آر کی مخالفت ہنوز جاری ہے۔ احتجاجی اپنے اپنے طریقے سے احتجاج ومظاہرے کررہے ہیں۔ ضلع گیا میں تین مقامات پر سی اے اے و این آر سی اور این پی آر کی مخالفت میں غیر معینہ دھرنا جاری ہے۔ اسکے علاوہ ضلع کے سبھی بلاکوں میں یک روزہ دھرنا و مظاہرہ سی اے اے کے خلاف کیا جاچکا ہے۔
ترنگا ریلی نکال کر سی اے اے و این آرسی کی مخالفت - گیا
گیا میں قومی شہریت قانون و قومی آبادی رجسٹر اور قومی رجسٹر برائے شہریت کی مخالفت میں ترنگا ریلی نکالی گئی۔ 451 میٹر طویل ترنگے کے نیچے ہزاروں مرد و خواتین، بچے بوڑھے شامل ہوئے۔ یہ ریلی کربلا سے شروع ہوئی اور شانتی باغ میں اختتام پذیر ہوئی۔
اسی کڑی میں گیا شہر میں کئی تنظیموں کی مشترکہ کوششوں سے 451 میٹر طویل ترنگاریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد شامل ہوئے اور حکومت سے سی اے اے کو واپس لینے اور این آر سی و این پی آر نہیں کرانے کامطالبہ کیا۔ ریلی میں شامل افراد کے ہاتھوں میں ترنگا اور زبان پر ہندوستان زندہ باد کے نعرے تھے۔ ریلی کربلا اقبال نگر سے نکلی اور پنچایتی اکھاڑا، پیر منصور روڈ، کلکٹریٹ، کاشی ناتھ موڑ، گاندھی میدان روڈ، مرزاغالب روڈ ہوتے ہوئے شانتی باغ میں پہنچ کراختتام پذیر ہوئی۔
ترنگا ریلی کی قیادت کررہے شعیہ مسجد کے خطیب وامام مولونا تسلیم رضانقوی اور ڈاکٹر شبیر احمد نے کہا کہ آ ج ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے آئین کو بچانے کے لئے ہرطرح کی قربانیاں پیش کرنے کے لئے تیار ہوں۔