اردو

urdu

ETV Bharat / state

Urdu Refresher Courses پٹنہ یونیورسٹی میں اساتذہ کے لیے اردو ریفریشر کورس کا آغاز - پٹنہ اردو نیوز

شعبۂ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں اساتذہ کے لیے بارہ روزہ اردو ریفریشر کورس کا آغاز ہوگیا ہے۔ Patna University Launches Urdu Refresher Courses

پٹنہ یونیورسٹی میں اساتذہ کے لیے اردو ریفریشر کورس کا آغاز
پٹنہ یونیورسٹی میں اساتذہ کے لیے اردو ریفریشر کورس کا آغاز

By

Published : Jan 17, 2023, 9:31 AM IST

پٹنہ یونیورسٹی میں اساتذہ کے لیے اردو ریفریشر کورس کا آغاز

پٹنہ: ریاست بہار کی پٹنہ یونیورسٹی میں منعقد اردو ریفریشر کورس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اعجاز علی ارشد اور بنارس ہندو یونیورسٹی کے صدر شعبہ اردو کے پروفیسر آفتاب احمد آفاقی نے کہا کہ آج اساتذہ کا متن سے رشتہ منقطع ہو گیا ہے، طالب علموں تک درست زبان و ادب پہنچانا چاہتے ہیں تو خود بھی متن سے رشتہ قائم کیجیے اور طلبہ وطالبات کو بھی متن پڑھنے کی تلقین کیجیے، متن سے براہ راست رشتہ قائم کیے بغیر آپ اچھے استاد نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے ریفریشر کورس میں شریک ہونے والے مختلف صوبوں سے تشریف لائے اساتذہ کو کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق ہمارے نصاب میں بین المتونیت اور بین الموضوعیت کو بہت اہمیت حاصل ہے، اس لیے اساتذہ کو نہ صرف اردو متن سے بلکہ دیگر علوم کے متن سے بھی واقفیت حاصل کرنی ہوگی۔ ایک اچھا استاد بننا ہے تو دیوان غالب اور کلیات اقبال کو اپنے ساتھ ہمیشہ رکھیے اور کم از کم ایک نئی کتاب ہر ماہ پڑھنے کی عادت ڈالیے۔

یو جی سی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر اتل آدتیہ پانڈے نے ریفریشر کورس کو اساتذہ کے لیے بے حد کارآمد بتاتے ہوئے اس کے اصول و ضوابط پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آف لائن کورس آن لائن کے مقابلے میں زیادہ کارآمد ہے۔ یہ ہمیں آپس میں تبادلہ خیال، ملاقات اور مل جل کر کام کرنے کی صلاحیتوں سے بہرہ ور کراتا ہے۔ شعبہ اردو نے آپ کو موقع دیا ہے، آپ اس سے فائدہ اٹھائیں اور خود کو ریفریش کر کے اپنے کالجوں و یونیورسٹیوں کے لیے مفید ثابت ہوں۔ پہلے دن کا لیکچر پیش کرتے ہوئے پروفیسر آفتاب احمد آفاقی نے اردو ادب کے موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ پٹنہ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے صدر پروفیسر شہاب ظفر اعظمی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کالج یا یونیورسٹیوں میں تعلیم دینے والے مستقل اساتذہ کے لیے یہ بارہ دنوں پر مشتمل اردو ریفریشر کورس کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس کورس میں ملک کے مختلف حصوں سے تشریف لائے پچیس اساتذہ شرکت کر رہے ہیں۔ کورس کی اہمیت اور غرض و غایت بیان کرتے ہوئے شہاب ظفر اعظمی نے کہا کہ اس کورس کا موضوع 'ہم عصر اردو ادب' مقرر کیا گیا ہے تاکہ یہ اساتذہ معاصر ادبی صورتحال اور معاصر ادبی اصناف کی جہتوں سے واقف ہو سکیں۔یہ کورس نہ صرف خطبات کے ذریعہ مکمل ہوگا بلکہ اس میں شرکاء کو بحث و مباحثہ،مذاکرہ اور تحریر و تصنیف کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ شرکاء میں شامل اساتذہ نے اس طرح کے کورس کو نفع بخش بتاتے ہوئے شعبہ اردو کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں : Literary Event Held at Patna University:بغیر تحقیق کے کوئی ادبی تاریخ نہیں لکھی جا سکتی، پروفیسر اعجاز علی ارشد

ABOUT THE AUTHOR

...view details