نئی دہلی:ملک بھر میں اپوزیشن لیڈران کو متحرک کرنے کی مہم میں مصروف بہار کے وزیر اعلیٰ اور جنتا دل یونائیٹیڈ کے سینیئر لیڈر نتیش کمار نے کہا ہے کہ وہ ملک میں حکمرانی کا ماڈل بنانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
اپوزیشن لیڈروں کو اعتماد میں لینے کے مقصد سے پیر کے روز دہلی پہنچنے والے کمار نے کل یہاں کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد آج کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے لیڈر ڈی راجہ اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے لیڈر سیتارام یچوری سے ملاقات کی۔
میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمار نے ایک بار پھر کہا کہ وہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار نہیں ہیں اور نہ ہی وزیراعظم بننے کی ان کی کوئی خواہش ہے ۔ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) چھوڑنے پر جے ڈی (یو) کا خیرمقدم کرتے ہوئے راجہ نے کہا کہ بہار ماڈل کا پورے ملک پر اثر پڑتا ہے اور اس کے دور رس سیاسی نتائج ہوں گے۔
راجہ نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو متحد ہونا چاہئے تاکہ بی جے پی کو شکست دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں ہم نتیش جی کے ساتھ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں کمار نے کہا کہ بہار ماڈل کیا ہے، ہم ملک میں گورننس کا ماڈل بنانے کی سمت میں کام کر رہے ہیں۔