پٹنہ: وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بدھ کو بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے اپنے مطالبے کو دہراتے ہوئے اس معاملے پر مرکزی حکومت کے بے حس رویے پر تشویش کا اظہار کیا۔ بہار قانون ساز اسمبلی میں گورنر کے خطاب کے لیے پیش کردہ شکریہ کی تجویز پر بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا کہ بہار نے اپنے محدود وسائل کی مدد سے ترقی کے ہر پیمانے پر اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بہار کو خصوصی درجہ دینے کا پرانا مطالبہ مان لیا جاتا تو یہ نتیجہ اور بھی بہتر ہو سکتا تھا اور ریاست ترقی کی راہ پر بہت آگے بڑھ سکتی تھی۔
وزیر اعظم نریندر مودی جو وزیر اعظم بننے سے پہلے گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے، ان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ جو لوگ اچھی کارکردگی کا کریڈٹ لے رہے ہیں وہ ایک ترقی یافتہ ریاست میں پیدا ہوئے اور کام کیا لیکن بہار کا معاملہ بالکل مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس وقت تک ترقی یافتہ ملک نہیں بن سکتا جب تک کہ ملک کے تمام حصے اچھی طرح ترقی نہ کریں۔ مرکزی حکومت کو بہار سمیت ملک کی دیگر پسماندہ ریاستوں کی تشویش پر بھی توجہ دینی چاہئے۔