بہار میں حزب اقتدار جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو) کے سینیئر لیڈر اور پارٹی پارلیمانی بورڈ کے صدر اپندر کشواہا نے آج کہا ہے کہ ریاست میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں ریاستی حکومت غریبوں اور ضرورتمندوں کی فلاح کے لئے بہتر کام کررہی ہے۔
کشواہا نے آج اورنگ آباد میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے فوت شدہ افراد کے اہل خانہ یا لواحقین کو چار لاکھ روپے کی امداد دینے والی بہار پہلی ریاست ہے، انہوں نے کہا کہ اس وبا میں یتیم ہوگئے بچوں کو فی ماہ 1500 روپے کا مالی تعاون فراہم کرنے کا منصوبہ بھی پوری ریاست میں نافذ ہے اور اس سے یتیم بچوں کو سہارا ملے گا۔
سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ بہار پبلک سروس کمیشن اور یونین پبلک سروس کمیشن کے مین امتحان میں شامل ہونے والے امیدواروں کو تیاری کیلئے 50 ہزار اور ایک لاکھ روپے دینے کا نظم ریاستی حکومت نے کیا ہے۔