پٹنہ: قومی انسانی حقوق کمیشن نے بہار کے مغربی چمپارن ضلع میں مڈ ڈے میل کھانے سے 150 بچوں کے بیمار ہونے کے معاملے میں کارروائی کی ہے، کمیشن نے بہار کے چیف سکریٹری عامر سبحانی کو نوٹس بھیجا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں افسران کی طرف سے کوتاہی ہوئی ہے۔ اس لیے سرکاری کمیشن کے خط کا نوٹس لیتے ہوئے پورے معاملے کی معلومات دیں۔ کمیشن نے اس کے لیے 4 ہفتے کا وقت دیا ہے۔ کمیشن نے میڈیا میں شائع خبروں کی بنیاد پر چیف سکریٹری کو یہ نوٹس بھیجا ہے اور اس کا حوالہ بھی دیا ہے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ اگر یہ رپورٹس درست ہیں تو یہ بچوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا معاملہ ہے۔ جس میں افسران کی لاپرواہی کھل کر سامنے آئی ہے۔ کھانا غلط طریقے سے تیار کر کے بچوں کو دیا گیا۔ اسکول حکام کی جانب سے معائنہ میں بھی کوتاہی ہوئی ہے۔
کمیشن نے اپنے خط میں کہا ہے کہ حکومت اپنی رپورٹ میں یہ بھی بتائے کہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہیں ہوں گے۔ کمیشن نے بہار کے چیف سکریٹری سے پوچھا ہے کہ اس واقعہ کے قصورواروں کے خلاف اب تک کیا کارروائی کی گئی ہے۔ حکومت نے ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں؟ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسکول کی جانب سے حکومتی ہدایات پر صحیح طریقے سے عمل نہیں کیا جارہا ہے۔