بہار اسمبلی انتخابات میں حکمران این ڈی اے اتحاد کو اکثریت ملنے کے بعد سب کی نگاہیں اگلی حکومت کے قیام پر مرکوز ہیں اور اس بات کا امکان ہے کہ دیوالی کے بعد آئندہ ہفتہ ہی ایک نئی حکومت تشکیل پاجائے گی، اسی سلسلے میں آج پٹنہ میں وزیر اعلی نتیش کمار کی رہائش گاہ پر این ڈی اے اتحاد کی حلیف جماعتوں کا اجلاس ہوگا، جس میں حکومت سازی سے متعلق غوروخوض ہوگا۔
اس اجلاس میں این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے باضابطہ اجلاس کی تاریخ کا فیصلہ ہوگا، نیز اجلاس میں این ڈی اے کے رہنما کا انتخاب کیا جائے گا اور حلف برداری کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل جمعرات کے روز پٹنہ میں جے ڈی یو آفس میں نومنتخب اراکین اسمبلی اور امیدواروں کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا کہ این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے اجلاس کے لیے کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے، وزیر اعلی کون ہوگا اس کا فیصلہ اس میٹنگ میں کیا جائے گا۔