گیا (بہار) :محکمہ تعلیم، بہار، کی ہدایت پر منگل کو ضلع میں گیارہویں او ربارہویں جماعت کا ماہانہ ٹیسٹ شروع ہو گیا ہے۔ شہر میں واقع اقلیتی کالج مرزا غالب کالج میں تین نشستوں میں پہلے دن امتحان منعقد ہوا۔ چونکہ مرزا غالب کالج میں طلبہ و طالبات کی تعداد زیادہ ہے، اس وجہ سے دن بھر کالج کا احاطہ طلبا و طالبات سے بھرا رہا۔
امن ماحول میں اور نقل سے پاک امتحان کرانے اور طلباء کی جانب سے شور و غل نہ کرنے کو یقینی بنانے کی خاطر خود سیکریٹری شبیع عارفین شمسی اور پروفیسر انچارج ڈاکٹر شجاعت علی خان متحرک رہے۔ سیکریٹری نے پرنسپل کے ہمراہ سبھی امتحان ہالز کا بھی جائزہ لیا اور اس دوران کالج کے اساتذہ اور اسٹاف کو متحرک کرتے بھی نظر آئے۔ سکریٹری شمسی طلباء سے بھی مخاطب ہوئے اور کہا کہ ’’آپ کی بہتر تعلیم و تدریس کے لیے کالج عملہ اور یہاں کے اساتذہ و دیگر اسٹاف کوشاں ہیں۔ ماہانہ ٹیسٹ آپکی صلاحیتوں کو مزید نکھارے گا۔‘‘ انہوں نے طلبہ کو سیلیبس کے حساب سے تیاری کرکے امتحان حال میں پہنچنے پر زور دیتے ہوئے کہا: ’’اگر اس سوچ کے ساتھ آپ ابھی سے ہی تیاری کریں گے تو یقین جانیے کہ فائنل کا رزلٹ انتہائی شاندار ہوگا اور آپکو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتاہے۔‘‘
سیکریٹری شمسی نے اس دوران کالج کی کثیر المنزلہ عمارت کی ہر منزل پر پہنچ کر جائزہ لیا اور ساتھ ہی کمیوں کو فوری طور پر دور بھی کروایا۔ کالج میں چونکہ ٹیسٹ ہو رہا ہے اس وجہ سے بجلی اور روشنی کا بھی معقول انتظام کیا گیا تھا۔ پرنسپل ڈاکٹر شجاعت علی خان نے بتایا کہ ’’پہلے دن صبح سے ہی سیکریٹری شمسی کالج میں متحرک رہے اور جائزہ لیتے رہے۔‘‘