اردو

urdu

ETV Bharat / state

اقلیتی کمیشن نے مدرسہ عزیزیہ کا دورہ کرکے وہاں کے نظام کا جائزہ لیا - Surrender Yadav on Ram Navami Violence

Minority Commission Chairman inspection Madrasa Azizia: بہار اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اور اراکین نے آج مدرسہ عزیزیہ بہار شریف نالندہ کا دورہ کیا، یہ وہی مدرسہ ہے جسے اسی برس مارچ مہینہ میں رام نومی کے موقع پر شرپسندوں نے نذر آتش کردیا تھا، حالانکہ بہار حکومت نے اسے پھر سے آباد کرنے کے لیے رقم کی منظوری دی ہے۔

20272737
Minority Commission Chairman inspection Madrasa Azizia

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 15, 2023, 4:13 PM IST

گیا، بہار شریف:نالندہ ضلع کے بہار شریف میں واقع فساد متاثرہ مدرسہ عزیزیہ کا آج اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اور اراکین نے دورہ کیا، مولانا محمد شاکر قاسمی انچارج پرنسپل مدرسہ عزیزیہ بہار شریف نے بتایا کہ اقلیتوں کے مسائل اور بہار سرکار کی جانب سے اقلیتوں کے لیے چلائے جانے والے منصوبوں کا زمینی سطح پر جائزہ لینے کے لیے اقلیتی کمیشن بہار کے ذمہ داران نالندہ کے دورے پر ہیں اور باریک بینی سے سرکار کے منصوبوں کے نفاذ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اسی ضمن میں مدرسہ عزیزیہ بہار شریف کا بھی ریاض الحق چیئرمین اقلیتی کمیشن بہار، نوشاد عالم نائب صدر اقلیتی کمیشن بہار محترمہ افروزہ خاتون رکن اقلیتی کمیشن جائزہ لینے کے لیے تشریف لائے۔ کمیشن کے چیئرمین اور اراکین نے 31 مارچ سنہ 2023 کو رام نومی کے جلوس کے موقع شرپسند عناصر اور دنگائیوں کے ذریعہ مدرسہ میں آتشزنی کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر نقصانات کی تلافی کے لیے بہار سرکار کی جانب سے لیے گئے فیصلے سے سید مختار الحق سکریٹری مدرسہ عزیزیہ بہار شریف نے تفصیل سے کمیشن کو بتایا اور کہا کہ مدرسہ استحکام اسکیم کے تحت مدرسہ کی تعمیر ومرمت لائبریری کے لیے 29 کڑور 78 لاکھ چوتیس ہزار کی رقم کی منظوری دیکر قابل قدر کارنامہ انجام دیا ہے۔ عنقریب تعمیری کام کا آغاز ہوگا۔ اس موقع کمیشن کے اراکین اور مدرسہ بورڈ کے رکن نے طلباء کی تعلیمی سرگرمی، طلباء کی تعداد اور پروگرام سے اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے معیاری تعلیم حاصل کرنے اور نصب العین طے کرنے کی نصیحت کی، نیز اپنی جانب سے مدرسہ کے فلاح وبہبود کے لیے پیش آنے والے مسائل کے حل کے لیے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مہمانان کرام سے طلباء کی تعلیمی لیاقت اور صلاحیت پر سکریٹری مدرسہ ہٰذا نے روشنی ڈالی اور محمد شاکر قاسمی انچارج پرنسپل مدرسہ ہٰذا نے بتایا کہ مدرسہ عزیزیہ بہار شریف، صوبہ بہار کا مشہور ومعروف قدیم وتاریخی ادارہ ہے اور واقفہ، بی بی صغریٰ مرحومہ کی جانب سے قائم کردہ نایاب تحفہ ہے۔ امت مسلمہ کے لیے اس کی اہمیت وافادیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ فاضل معیار کا نالندہ، نوادہ، جہان آباد اور گیا کے اطراف میں یہ واحد ادارہ ہے۔ سینکڑوں طلباء آج بھی مدرسہ ہٰذا سے مستفیض ہو رہے ہیں۔ اس کے وجود وبقا کی ذمہ داری عوام وسرکار، اساتذہ، مجلس منتظمہ سب پر عائد ہوتی ہے۔

اس موقع پر مولانا محمد شاکر قاسمی انچارج پرنسپل مدرسہ عزیزیہ بہار شریف نے استقبالیہ پیش کیا اور ہمایوں اختر طارق رکن بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ، الحاج سید مختار الحق متولی صغریٰ وقف اسٹیٹ بہار شریف وسکریٹری مدرسہ عزیزیہ اور سید زید احمد عرف چھوٹن بہاری، دانش ملک نمائندہ ڈپٹی میئر، سلطان انصاری نائب صدر صغریٰ وقف اسٹیٹ، لڈن ملک ممبر صغریٰ وقف اسٹیٹ، آفتاب سکریٹری صغریٰ ہائی اسکول بہار شریف، اشتیاق خان نے مہمانان کرام کا گلدستہ اور گلپوشی اور شال پیش کرکے خیر مقدم اور استقبال کیا، وہیں اس موقع پر ولی رضا، طارق انور مولانا محمد مستقیم، مولانا طاہر، ماسٹر محمد شبیر عالم، مولانا سید انوار، ماسٹر سید جاوید تنویر، ماسٹر حسان اخلاقی، مولانا طارق شہود، مولانا مزمل، حافظ عمران حسانی، عاکف رضا اور حماد فردوسی موجود تھے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details