پٹنہ: امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ کے امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی ہدایت پر نائب امیر مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی کی قیادت میں امارت شرعیہ کا اعلیٰ سطح کا ایک وفد فساد زدہ بہار شریف کے حالات کا جائزہ لینے کل روانہ ہوا تھا۔ اس وفد میں امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی، رکن ارباب حل و عقد اور صغریٰ وقف اسٹیٹ کے سابق متولی جناب ایس ایم شرف، دار القضاء امارت شرعیہ بہار شریف کے قاضی شریعت مولانا منصور عالم قاسمی اور مولانا محمد عادل فریدی شریک تھے۔ مذکورہ وفد نے شر پسندوں کے ہاتھوں پوری طرح تباہ شدہ مدرسہ عزیزیہ کی قدیم لائبریری کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ شاہی مسجد مرار پورکے احاطہ میں جلی ہوئی دکانوں اور گاڑیوں کو بھی دیکھا، سٹی ہوٹل، صغریٰ کالج اور کئی دکانوں کا معائنہ کیا جنہیں شر پسندوں نے نذر آتش کر دیا تھا۔
Violence in Biharsharif مولانا شبلی قاسمی کا بہار شریف میں فساد متاثرہ علاقوں کا دورہ، حکومت سے شفاف جانچ کا مطالبہ
امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی نے کہا کہ بہار شریف میں ہوا فساد منصوبہ بند اور منظم طریقے سے انجام دیا گیا ہے۔ وہاں کی تاریخی چیزوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا۔
وفد نے مقامی لوگوں سے مل کر واقعات کی تفصیلات معلوم کی اور انہیں انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی۔ شاہی مسجد مرار پور کے امام و خطیب مولانا محمد شہاب الدین، نائب امام و موذن مولانا نوشاد عالم، مدرسہ عزیزیہ کے پرنسپل مولانا شاکر قاسمی نے ارکان وفد کو واقعے کی پوری تفصیل بتائی اور جہاں جہاں شر پسندوں نے آگ لگائی تھی ان جگہوں کو دکھایا۔ حالات کا جائزہ لیکر لوٹے امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا شبلی قاسمی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ 'یہ فسادات منصوبہ بند اور منظم طریقے سے انجام دیے گئے ہیں۔ وہاں کی تاریخی چیزوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا۔ لائبریری میں پانچ ہزار سے زائد نادر اور قیمتی کتابیں موجود تھیں۔ اس کے علاوہ مدرسہ کا ایک سو سال سے زیادہ کا ریکارڈ موجود تھا، طلبہ و طالبات کے امتحان کی کاپیاں، رجسٹر، اسناد اور دیگر قیمتی کاغذات و اہم دستاویزات وغیرہ موجود تھے جسے شرپسندوں جلا کر راکھ کر دیا۔ جس طرح ہلاکو خان کی فوج نے بغداد کی لائبریریوں کو جلا کر راکھ کر دیا تھا اسی طرح ان شر پسندوں نے مدرسہ عزیزیہ کی قدیم لائبریری کو نذر آتش کر کے ظلم و بربریت کی وہی تاریخ دہرا دی۔'
مزید پڑھیں:Violence in Biharsharif بہار شریف میں رام نومی کے دوران پُرتشدد جھڑپیں، فائرنگ میں متعدد افراد زخمی
مولانا شبلی قاسمی نے کہا کہ ہم لوگوں نے سٹی ہوٹل کے مالک سلطان صاحب سے بھی ملاقات کی اور ان کے ہوٹل کا بھی معائنہ کیا جس کو شر پسندوں نے نذر آتش کر دیاتھا، اس کے علاوہ بریانی پلازا، ڈرائی فروٹ اسٹور، ریڈی میڈ شاپ بہرو ٹائر ریپئرنگ ورکشاپ، جنرل اسٹور، بیٹری دکان، چنو ڈرائی فروٹ، سمیع ڈرائی فروٹ، اور دیگر د کانوں کے مالکان سے مل کر ان کے ہوئے نقصانات کی تفصیل معلوم کی اور انہیں انصاف دلانے اور سرکار سے معاوضہ دلانے کی یقین دہانی کرائی۔
وفد نے نالندہ کے ڈی ایم ششانک شوبھنکر، ایس پی اشوک مشرا اور ڈی ایس پی محمد شبلی نعمانی سے مل کر پولیس کی کارروائی سے متعلق تفصیلات معلوم کیں اور اپنے مطالبات و خدشات ان کے سامنے رکھے ۔ ڈی ایم نے بتایا کہ انتظامیہ کی طرف سے حالات پر کنٹرول کی پوری کوشش کی جارہی ہے ،فلیگ مارچ کیا جا رہا ہے، امن مارچ بھی نکالا جا رہا ہے ، ساتھ ہی نقصانات اور زخمیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے. مولانا شبلی قاسمی نے کہا کہ ہم لوگ اس پورے معاملے کی رپورٹ جلد شائع کریں گے۔