پٹنہ: وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے 1انے مارگ واقع 'سنکلپ' میں بہار میں مکمل شراب بندی کے کامیاب نفاذ کے مطالعہ کے سلسلہ میں آئے چھتیس گڑھ اسمبلی کے ایک 7 رکنی نمائندہ وفد نے آج ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ رکن اسمبلی ستیہ نارائن شرما نے وزیراعلی نتیش کمار کو گلدستہ، شال اور مو مینٹو پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے وفد کے تمام ارکان کو شال پیش کر کے اعزاز سے نوازا۔ میٹنگ کے دوران وزیر اعلی نے اسٹڈی ٹیم کو ریاست میں مکمل شراب بندی کو نافذ کرنے کی کوششوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم آپ سب کو مبارکباد اور خوش آمدید کہتے ہیں۔ 09 جولائی 2015 کو خواتین کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جس میں خواتین نے مطالبہ کیا کہ شراب بری چیز ہے، اسے بند کریں۔
اس دوران ہم نے کہا تھا کہ اگر انتخابات کے بعد ہماری حکومت بنتی ہے تو ہم ریاست میں شراب پر پابندی لگائیں گے۔ الیکشن جیت کرہماری حکومت بنی اور اس کے بعد ہم نے بہار میں 05 اپریل 2016 سے مکمل شراب بندی نافذ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت سے شراب کے خلاف ہیں جب ہم بہار کالج آف انجینئرنگ میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ شراب کا استعمال بہت بری چیز ہے۔ جن نائک کرپوری ٹھاکر جی نے اپنے دور حکومت میں بہار میں شراب بندی نافذ کی تھی لیکن ان کے ہٹنے کے بعد یہ ختم ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد سے ہم شراب کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔