پٹنہ/نئی دہلی: ریلوے میں نوکری کے عوض زمین لینے کے معاملے پر سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں آج سماعت ہوئی، جہاں سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی اور راجیہ سبھا ایم پی میسا بھارتی نظر آئیں تاہم صحت کی وجہ سے سابق وزیر ریلوے لالو یادو عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت میں تینوں پر الزامات عائد کرنے کے نکتے پر بحث ہوئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ لینڈ فار جاب معاملے میں لالو یادو، رابڑی دیوی اور میسا بھارتی کے علاوہ دیگر 16 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ 2004 سے 2009 کے درمیان جب لالو یادو ریلوے کے وزیر تھے، انہوں نے ریلوے کے گروپ ڈی کے امیدواروں سے نوکری کے بدلے زمین اپنے نام کرائی تھی۔
واضح رہے کہ 15 مارچ کو تینوں کو راؤس ایونیو کورٹ میں پیش کیا گیا تھا، جہاں عدالت نے تینوں کو 50 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت دے دی تھی۔ اس سے پہلے 6 مارچ کو سی بی آئی نے رابڑی دیوی سے پٹنہ میں ان کی رہائش گاہ پر 4 گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی تھی۔ اس کے بعد 7 مارچ کو دہلی میں میسا بھارتی کی رہائش گاہ پر لالو یادو سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ دوسری جانب 10 مارچ کو ای ڈی نے لالو خاندان کے کئی افراد سمیت قریبی رشتہ داروں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے تھے۔