راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور انھیں بہتر علاج کے لیے دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) لے جانے کے لیے غور و خوض کیا جارہا ہے۔
لالو یادو کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے: تیجسوی
تیجسوی پرساد یادو نے ہفتہ کے روز رانچی میں وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے ملاقات کے بعد کہا کہ لالو پرساد یادو کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔
بہار قانون ساز اسمبلی میں آر جے ڈی صدر اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے ہفتہ کے روز رانچی میں جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے ملاقات کے بعد کہا کہ لالو یادو کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق ان کا علاج کیا جائے گا۔
لالو یادو کی تشویشناک حالت کی اطلاع ملنے پر لالو یادو کی اہلیہ رابڑی دیوی، بیٹے تیج پرتاپ یادو، تیجسوی یادو اور بیٹی میسا بھارتی کل رانچی پہنچ گئیں۔ چارٹرڈ طیارے سے دیر شام رانچی پہنچنے والی رابڑی دیوی اپنے دو بیٹوں کے ساتھ راجندر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (رمز) کے پے انگ وارڈ میں تقریبا چھ گھنٹے تک رہیں۔