پٹنہ:آر جے ڈی کے صدر و بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو، شرد یادو کے انتقال کی خبر سے غمزدہ ہیں۔ سنگاپور میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کے بعد صحت یاب ہونے والے لالو پرساد یادو نے شرد یادو کی موت پر ویڈیو پیغام جاری کرکے غم کا اظہار کیا۔ ہسپتال کے بستر پر انتہائی کمزور حالت میں نظر آنے والے لالو پرساد یادو نے ویڈیو پیغام میں کہا "شرد یادو جی، جو میرے بڑے بھائی کی طرح تھے، ان کے انتقال کی خبر سن کر بہت غمزدہ ہوں۔ میں بہت اداس ہوں اور گزشتہ دنوں کو یاد کر رہا ہوں۔' لالو یادو نے آگے کہا کہ شرد یادو، ملائم سنگھ یادو اور نتیش کمار اور بہت سے دوسرے لیڈروں نے ڈاکٹر رام منوہر لوہیا، جن نائک کرپوری ٹھاکر کے ساتھ مل کر ہم لوگوں نے سیاست شروع کی تھی۔
لالو یادو ویڈیو میں جذبات ہوتے ہوئے کہا کہ میں سنگاپور میں ہوں، اور آج اچانک مجھے خبر ملی کہ شرد یادو جی اب ہمارے درمیان نہیں ہیں۔ وہ بڑے سوشلسٹ اور صاف گو لیڈر تھے۔ ایوان میں یا ایوان سے باہر بھی تقریر کرنے کے معاملے میں شرد یادو اور میں کبھی کبھی جھگڑ بھی پڑتے تھے مگر اس لڑائی میں تلخی کا کوئی دوسرا پہلو نہیں ہوتا تھا۔ لالو یادو نے آخری میں کہا کہ شرد یادو جی اپنے لاکھوں دوستوں اور چاہنے والوں کو چھوڑ کر ہمارے درمیان سے اٹھ گئے۔ بھگوان سے دعا ہے کہ وہ ان کی روح کو سکون دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔