جھارکھنڈ کے اقلیتی بہبود کے وزیر حاجی حسین کا آج سہ پہر انتقال ہوگیا۔ ریاست کی مدھو پور اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے حاجی حسین انصاری جھارکھنڈ حج کمیٹی کے چیئرمین بھی تھے۔
جھارکھنڈ کے اقلیتی بہبود کے وزیر حاجی حسین انصاری کا انتقال
جھارکھنڈ کے اقلیتی بہبود کے وزیر حاجی حسین انصاری کا مختصر علالت کے بعد ہفتے کے روز انتقال ہوگیا۔ وہ 73 سال کے تھے۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ انصاری پچھلے کچھ دنوں سے علیل تھے اور ان کا علاج رانچی کے میدانتا ہسپتال میں چل رہا تھا۔
انصاری چار بار جھارکھنڈ حکومت میں وزیر رہے۔ 2009 میں پہلی بار شیبو سورین کی سربراہی میں حکومت میں انہیں دیہی ترقی کا وزیر بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد جب جے ایم ایم کی حمایت سے ارجن منڈا کی حکومت بنی تو انہیں اقلیتی بہبود کا وزیر بنا دیا گیا۔ اس کے بعد انصاری کو ایک بار پھر اگست 2013 میں کانگریس کی حمایت سے ہیمنت سورین کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی تقریبا 13 ماہ کی حکومت میں محکمہ اقلیتی بہبود کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
گذشتہ اسمبلی انتخابات میں جے ایم ایم کی سربراہی میں گرینڈ الائنس حکومت میں انہیں ایک بار پھر وزیر بنایا گیا تھا۔ حاجی حسین انصاری، جنہوں نے کانگریس سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا کانگریس کو چھوڑ کر جے ایم ایم میں شامل ہوگئے تھے۔ انصاری، جو بابا بیدیہ ناتھ کی نگری دیوگھر ضلع کے مدھو پور کے رہائشی تھے، نے سال 1995، 2000، 2010 اور 2019 میں مادھو پور اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کی۔