گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں حج 2023 کی تیاریاں جاری ہیں۔ بہارسے سفر حج کا سلسلہ 21مئی سے شروع ہوگا اور 6جون تک چلے گا۔ گیا ہوائی اڈے سے ہی عازمین اڑان بھریں گے اس کے لیے گیا ہوائی اڈے پر عازمین حج کی سہولتوں کا خیال رکھتے ہوئے عارضی قیام گاہ، عبادت گاہ، وضوخانہ، بیت الخلاء اور دیگر انتظامات کیے جارہے ہیں لیکن اس دوران بہار کے عازمین حج طیارے کو لیکر تذبذب کے شکار ہیں کہ جس کمپنی نے خود کو دیوالیہ اعلان کرنے کی اپیل دائر کی ہے وہ کس طرح بین الاقوامی آپریشن جاری رکھے گی خود کو دیوالیہ قرار دیے جانے کی عرضی دائر کرنے والی کمپنی ' گو فرسٹ ایئر لائنس ' کمپنی کو بہار کے عازمین حج کی پرواز کے لیے خدمات کا انتخاب کیا گیا تھا اس کی وجہ سے بہار سمیت ان تمام امبارکیشن پوائنٹ سے حج پر جانے والوں کو پریشانی کا اندیشہ ہے جہاں سے گوایئرلائنس کے ذریعے پرواز ہونی تھی۔
اس حوالہ سے گیا ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر بنکجیت ساہا سے ای ٹی وی بھارت نے خصوصی گفتگو کی ہے۔ بنکجیت ساہا نے کہا کہ فی الحال گو ایئر لائنس کی پوزیشن برقرار ہے کہ وہی آپریشن پرواز کو انجام دے گی البتہ متبادل حل تلاش کرنے کی کوشش جاری ہے۔ کل تک توقع ہے کہ اس پر کوئی حتمی فیصلہ ہوجائے لیکن اس مسئلہ پر عازمین حج کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انکی پرواز گیا ہوائی اڈے سے ہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گو فرسٹ ایئرلائنس کا ریگولر شیڈول ابھی منسوخ ہوا ہے جسکا مطلب ہے کہ جہاں جن جگہوں سے گوفرسٹ کی ڈومیسٹک خدمات بحال تھیں وہ روکی گئی ہیں اور حج آپریشن شیڈول کی خدمت نہیں ہے یہ ایک معاہدے کا معاملہ ہے اگر گوفرسٹ کا معاہدہ منسوخ ہوتا ہے تو اسکا متبادل فوری طور پر ہوگا اس سے یہ ہوسکتا ہے کہ ایک دو دن پرواز کی تاریخ آگے ہوجائے لیکن یہ نہیں ہوسکتا ہے کہ عازمین کو کہیں دوسرے امبارکیشن پوائنٹ سے پرواز کرائی جائے اسلیے بہار کے عازمین حج بے فکر ہوکر اپنی تیاری مکمل کریں۔