بہار، اوڈیسہ اور جھارکھنڈ کا سب سے بڑا دینی و ملی ادارہ امارت شرعیہ نے اعلان کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی نماز اور قربانی تمام تر حفاظتی انتظامات کے تحت ادا کئے جائیں گے۔
امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی نے ای ٹی وی سے خصوصی ملاقات میں کہا کہ، 'امیر شریعت مولانا ولی رحمانی نے اعلان کیا ہے کہ کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کر قربانی بھی کی جائے گی اور نماز عیدالاضحیٰ بھی ادا ہو گی۔'
مولانا محمد شبلی القاسمی نے کہا، 'عیدالاضحیٰ کی نماز اور قربانی دونوں چیزیں واجب ہیں۔ لاک ڈاون میں عوامی اجتماع اور بھیڑ بھاڑ سے منع کیا گیا ہے۔ رہی بات قربانی کی تو اس کو لوگوں کی بھیڑ سے الگ محفوظ جگہ پر اپنے گھروں کے اندر قربانی کی جاتی ہے۔
لہذا قربانی کا مسئلہ جیسے گزشتہ سال تھا ویسا ہی ہے۔ قربانی لوگ کریں گے۔ جن کو اللہ نے استطاعت دی ہے۔ ضرور قربانی کریں جہاں بھی قربانی کرنے کی گنجائش ہے۔'