ارریہ : امارات شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ کے نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نے کہا کہ حضرت امیر شریعت سابع مولانا سید محمد ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال کے بعد تمام اراکین کے اندر جو فکر مندی محسوس کی جا رہی ہے وہ قابل قدر اور لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں محسوس کر رہا ہوں کہ حضرت امیر شریعت سابع کے چلے جانے کے بعد جو ایک ناقابل تلافی خلا پیدا ہوا ہے، وہ خلا ظاہری طور پر اسباب کے درجے میں پر ہوتا نظر نہیں آتا لیکن حضرت کی توجہ اور پوری جماعت اور کمیٹی کی اگر یہ ہی لگن رہی تو بہت سے عزائم اور منصوبے، جو حضرت امیر شریعت کے انتقال کی وجہ سے ادھورے رہ گئے ہیں، انشا اللہ پورے ہوں گے۔
نائب امیر شریعت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ امارت شرعیہ کے کارواں کو متحد ہوکر آگے بڑھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، امارت شرعیہ کو بانی امارت شرعیہ حضرت مولانا ابو المحاسن محمد سجاد رحمۃاللہ علیہ کے خواب کی طرح سجائیں گے۔