گیا:ریاست بہار میں ملک کی آزادی کا تہوار یوم آزادی کے موقع پر محکمہ ڈاک نے ایک پہل کی ہے۔ بہار اور ضلع گیا کے باشندے گھر بیٹھے قومی پرچم ترنگا خرید سکتے ہیں۔ محکمہ ڈاک نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ' ہرگھر ترنگا ' پھہرانے کی اپیل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس کا آغاز کیا ہے۔ اسے دو طرح سے کیا گیا ہے، اول یہ کہ آن لائن بکنگ کا نظام ہے اور دوسرا یہ کہ ڈاک گھروں میں باضابطہ کاؤنٹر کھولے گئے ہیں۔
اس کے تحت ضلع گیا میں بھی ہیڈ پوسٹ آفس سے لیکر معاون پوسٹ آفس ' ڈاک گھروں ' میں خصوصی کاؤنٹر کھولا گیا ہے ۔ گھر بیٹھے قومی پرچم منگوانے کے لئے ' ای پوسٹ آفس ' پر لاگنگ کرنا ہوگا۔اس کے بعد ویب سائٹ کے مطابق آگے پروسس کو انجام دیکر آن لائن پیمنٹ کرنا ہوگا۔بکنگ 24 گھنٹے سے 72 گھنٹے کے اندر ڈاکیہ کے ذریعے درج پتے تک پہنچادیا جائے گا ۔ ایک شخص ایک موبائل نمبر سے 5 عدد ہی قومی پرچم بک کر گھر منگوا سکتا ہے جب کہ کاؤنٹر پر بھی قومی پرچم دستیاب کرایا گیا ہے ۔ اسکی آن لائن اور آف لائن کی قیمت محض 25 روپئے رکھی گئی ہے۔