پٹنہ: بہار اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے آئندہ یکم مئی کو پٹنہ ضلع کے عازمین حج کے لیے حج تربیتی کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا ہے۔ یہ تربیتی کیمپ حج بھون سے متصل ہارڈنگ روڈ واقع عبدالقیوم انصاری آڈیٹوریم میں کیا جائے گا، جس میں پورے پٹنہ ضلع سے چھ سو سے زائد کی تعداد میں عازمین حج شریک ہوں گے۔ اس کیمپ کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ حج تربیتی کیمپ صبح دس بجے سے شروع ہو کر شام چار بجے تک چلے گا جس میں ماہرین کے ذریعہ حاجیوں کو ٹریننگ دی جائے گی اور حج کے تمام ارکان سے واقف کرایا جائے گا۔ اس بار پورے بہار سے کل 5640 عازمین حج حاج کے سفر پر روانہ ہوں گے۔ جس میں غیر محرم خواتین بھی شامل ہیں۔
مذکورہ باتیں بہار ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین الحاج عبدالحق نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار پٹنہ حج کمیٹی دو تاریخوں میں دو ٹریننگ پروگرام منعقد کر رہی ہے جس میں 1 مئی کو پٹنہ اور 3 مئی کو بہار شریف و روہتاس کے عازمین حج شریک ہوں گے، اس کے بعد تمام اضلاع میں حاجیوں کی ٹریننگ کی شروعات ہو جائے گی۔ عبد الحق نے کہا کہ چونکہ گزشتہ دنوں بہار شریف و روہتاس میں فساد برپا ہوا تھا، اسی وجہ سے وہاں کے عازمین از خود چاہتے ہیں کہ ان کی ٹریننگ پٹنہ میں ہی ہو، اس لئے خصوصی طور پر دونوں اضلاع کے لوگوں کے لیے تین مئی کو تربیتی کیمپ کا انعقاد ہوگا۔