اردو

urdu

ETV Bharat / state

خوش قسمت ہیں وہ جنہیں رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ملتا ہے

رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی رحمت و بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے، رمضان کا دوسرا عشرہ جو مغفرت کا عشرہ ہے وہ ہم سب پر سایہ فگن ہے۔ گیا میں اس عشرے کی فضیلت و اہمیت اور اس میں کثرت سے کی جانے والی عبادت و مغفرت کی دعاؤں پر علماء و مشائخ آن لائن روشنی ڈال رہے ہیں، کثرت سے مغفرت اور کورونا وباء کے خاتمے کے لیے دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔

By

Published : Apr 28, 2021, 6:35 PM IST

بہار کا ضلع گیا تعلیمی و مذہبی مقام کے اعتبار سے بھی کافی اہم ہے ، رمضان المبارک کے دوران یہاں کا منظر قابل دید ہوتا ہے، جگہ جگہ پر رمضان کی فضیلت، برکت اور اہمیت کے موضوع پر مجلس منعقد ہوتی تھی، اجتماعی افطار کی طرح ہی اجتماعی طور پر دعا خوانی کا بھی انعقاد ہوتا تھا۔ تاہم گزشتہ برس اور رواں برس عالمی وبائی مرض کورونا وائرس نے ان تمام چیزوں پر تالا لگا دیا ہے۔

ویڈیو

موجودہ حالات کے پیش نظر حکومت کی ہدایت کے مطابق تمام مذہبی مقامات بند ہیں، اجتماعی طور پر سبھی پروگرام پر پابندی ہونے کی وجہ سے اس مرتبہ بھی رمضان المبارک کے موضوع پر مجلسں نہیں منعقد ہوئیں۔ اس طرح کی پابندی کے بعد گیا کے علماء و مشائخ اپنے اپنے حلقہ اثرات میں آن لائن، سوشل میڈیا کے توسط سے رمضان المبارک کی فضیلت اور رحمتوں پر روشنی ڈال رہے ہیں۔


شہر گیا کی مشہور و معروف خانقاہ چشتیہ منعمیہ ابوالعلائیہ رام ساگر سے بھی روزانہ رمضان، مسلمان اور عبادت، برکت و رحمت، مغفرت و بخشش و نجات کے تعلق سے لوگوں تک اہم جانکاری پہنچائی جارہی ہیں۔


خانقاہ کے سجادہ نشین اور خانقاہ کے ناظم نے ای ٹی وی بھارت اردو سے رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کی فضیلت و اہمیت اور اس عشرہ میں مغفرت کے متعلق قرآن و حدیث اور بزرگوں کے اقوال کو بیان کیا۔

خانقاہ کے ناظم حافظ سید عطاء فیصل نے بات کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ تین عشروں میں تقسیم ہے۔ پہلا عشرہ رحمت کا ہے جو زندگی کے خصوصاً پہلے مرحلے میں اشد ضروری ہے، دوسرا عشرہ مغفرت کا ہے جو زندگی کے دوسرے مرحلے کے لئے کار آمد ہے۔ دوسرے عشرہ میں آخری عشرے میں آنے والی شب قدر کی راتوں کی بھی تیاری ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مبارک ماہ میں ہم سب اپنے رب کو راضی کرنے میں وقت گزاریں، رب راضی ہوگا تو موجودہ وباء سے بھی ہم سب نجات پالیں گے۔



خوش قسمتی سے ملتا ہے مقدس مہینہ



خانقاہ چشتیہ منعمیہ کے سجادہ نشین حضرت مولانا سید شاہ صباح الدین منعمی نے کہا کہ رمضان کا دوسرا عشرہ مغفرت کا ہے اور اس عشرے کی فضیلت کافی ہے، گویا کہ مغفرت ہوگئی تو قبر میں راحت ملے گی. وہ لوگ خوش قسمت ہیں جنہوں نے اس مبارک ومقدس مہینے میں روزہ اور عبادت کے ذریعے اللہ تعالیٰ کو راضی کیا ہے، یہ وہ مبارک مہینہ ہے کہ جس میں اللہ تعالیٰ نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب ستر گنا بڑھا دیتا ہے.

انہوں نے کہا اکثر رمضان المبارک میں اجتماعی طور پر عبادات ہوتی ہیں وہ اس مرتبہ بھی وبا کی وجہ سے اجتماعی طور پر نہیں ہوئی ہے، تاہم انفرادی طور پر ہورہی ہے. یہ عشرہ جو ہے اس میں اپنے گناہوں کی معافی اور مغفرت کی دعا کثرت سے کریں کیونکہ حدیث میں آیا ہے کہ گناہوں کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی ناراضگی پیدا ہوتی ہے، ابھی جو ماحول ہے وہ ہمارے گناہوں اور نا انصافیوں اور بے اعمالیوں کی وجہ سے ہے۔ وبا کی شکل میں اللہ کا قہر نازل ہوا ہے. ہم اپنے رب کو راضی کرنے میں وقت لگادیں، روئیں، گڑگڑائیں اور رب کی بارگاہ سے مانگیں۔ گناہوں کی مغفرت کے لیے گڑگڑائیں. رب کو راضی کر لیا تو سمجھو وبا بھی ختم، بخشش بھی، روزہ بھی قبول، دنیا اور آخرت دونوں سنور جائیگی


مولانا صباح الدین منعمی نے اس موقع پر مزید کہا کہ رمضان المبارک کا ہر عشرہ، ہر وقت اور ہر لمحہ ہمارے لیے نجات، رحمت و برکت اور بخشش کے لیے ہے. وقت کو ضائع نہیں کریں بلکہ اپنی قسمت کو سنوارنے میں لگ جائیں۔

For All Latest Updates

TAGGED:

gaya ramzan

ABOUT THE AUTHOR

...view details