گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع ' ارشاد علی خان ' وقف اسٹیٹ کی زمین کا سروے ہوگا۔ گزشتہ ماہ جون میں ای ٹی وی بھارت اردو نے 'ارشاد علی وقف اسٹیٹ کی املاک پر ناجائز قبضہ' کی سرخی کے ساتھ خبر شائع کی تھی جس کے بعد بہار سنی وقف بورڈ پٹنہ نے خبر کو سنجیدگی سے لیا اور اب ضلع مجسٹریٹ کم ڈپٹی سروے کمشنر کو سروے کے لیے مکتوب بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے ارشاد علی خان وقف اسٹیٹ کی ہزاروں ہیکٹئر زمین کو خرد برد کیا گیا ہے۔ اسٹیٹ کی موجودہ حالت سے وقف بورڈ واقف نہیں ہے، لہذا ارشاد علی وقف اسٹیٹ نمبر 99,93 اور 503 کا سروے کرا کر مکمل تفصیل بورڈ کو دستیاب کرائی جائے تاکہ کاروائی کرکے ناجائز قبضے سے اسٹیٹ کو بچایا جاسکے۔ Irshad Ali Khan Waqf Estate Property
اس ہدایت نامہ کے بعد ارشاد علی وقف اسٹیٹ کے متولی عارف خان اور وقف تحفظ کے تعلق سے کام کرنے والوں کے درمیان امید پیدا ہوئی ہے کہ شاید اب اسٹیٹ کو بچایا جاسکے گا۔ دراصل ضلع گیا کے بارہ چٹی بلاک حدود کے رہنے والے بابو ارشاد علی خان نے آزادی سے قبل اپنی بائیس ہزار ہیکٹئر زمین کو 'وقف علی الاولاد' کردیا تھا تاہم واقف کی منشا کے مختلف علاقے کے کچھ لوگوں نے اس پر غیرقانونی قبضہ کرنا شروع کردیا، ارشاد علی وقف اسٹیٹ کی زمین ضلع کے علاوہ جھارکھنڈ کے چترا ضلع میں بھی واقع ہے اس حوالے سے ارشاد علی وقف اسٹیٹ کے متولی محمد عارف خان نے آج نمائندہ کو فون پر سروے کے تعلق سے جانکاری دی اور ساتھ ہی انہوں نے ای ٹی وی بھارت اردو کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ای ٹی وی بھارت کے علاوہ کبھی کسی نے اس اسٹیٹ کے تعلق سے خبر شائع نہیں کی تھی۔ ای ٹی وی بھارت اردو کی خبر وقف بورڈ کو بھی شیئر کی گئی جس کے نتیجے میں وقف بورڈ سرگرم ہوا اور سروے کا لیٹر جاری کیا ہے Illegal Occupation Waqf Estate Property