گیا:ضلع گیا میں عید الاضحٰی کے موقع پر حساس مقامات کی ڈرون کیمرے سے نگرانی کی جائے گی اور ہجوم والے علاقوں میں ویڈیو گرافی بھی ہوگی تاکہ نفرت اور تشدد کے واقعات کو انجام دینے والوں پر کاروائی کی جاسکے۔ صدر ایس ڈی او اندر ویر کمار نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر امن و قانون کی بالادستی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ مجسٹریٹ کی نگرانی میں پولیس فورس اور جوانوں کی تعیناتی کی گئی ہے جہاں ماضی میں ناخوشگوار واقعات پیش آئے تھے، ایسے حساس مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور وہاں پر مزید مستعدی برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مسجد کے باہر حسب ضرورت پولیس فورس تعینات ہوگی اور جہاں نماز میں ہجوم زیادہ ہوتا ہے وہاں پر اس علاقے کے افسران کی موجودگی یقینی بنائی گئی ہے۔ نماز کے بعد اس بات کا خیال ہوگا کہ قربانی عوامی مقامات پر یا کھلی جگہوں پر نہ ہوں۔ سبھی ایک ساتھ مل کر تہوار منائیں کیونکہ تہوار محبت خوشی اور مسرت کے اظہار کا بھی دن ہے۔ ایسے میں نفرت، تشدد اور بھائی چارے کی فضا کو مکدر کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے گی۔
ایس ڈی او اندر ویر نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راجن کی جانب سے سبھی تھانہ اور بلاک و سب ڈیویزن سطح پر ' امن کمیٹی ' کے ساتھ میٹنگ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بیلاگنج اور چاکند سمیت سب ڈویژن کے ماتحت کئی تھانے میں میٹنگ ہوچکی ہے۔ لوگوں کو سیفٹی کا احساس دلانے کے لیے فلیگ مارچ بھی نکالا جائے گا۔