گیا:ریاست کے عازمین حج کی پرواز بدھ کے دن سے شروع ہوتے ہی گیا ہوائی اڈے کی فضا تلبیہ سے گونج اٹھی۔ تین برسوں بعد گیا ہوائی اڈہ کا ماحول خوشگوار ہوگیا تھا۔ پہلے دن 141 عازمین و عازمات حج کا امیگریشن ہوا تاہم امیگریشن کے اچانک بعد ایک عازم کی طبیعت خراب ہونے کے باعث اس کور کے کل 4 عازمین کی آج کی پرواز منسوخ کردی گئی جس کی وجہ سے آج 137 عازمین روانہ ہوئے۔ دس بجے عازمین حج کو لیکر اسپائس جیٹ کا طیارہ جدہ کے لیے روانہ ہوا۔ پہلے دن جانے والے عازمین کا تعلق بہار کے مختلف اضلاع سے تھا۔
تاہم سب سے زیادہ عازمین حج پٹنہ ضلع کے تھے محکمہ اقلیتی فلاح کے وزیر زماں خان ، محکمہ انفارمیشن اینڈٹکنالوجی کے وزیر اسرائیل منصوری ، ڈی ایم تیاگ راجن اور ایس ایس پی آشیش بھارتی عازمین حج کے استقبال کے لئے گیا ہوائی اڈے پر پہنچے تھے۔ یہاں دعاوں کے تبادلہ خیال کے بعد وزرا اور افسران ٹرمینل کے باہر نکلے۔اس سے پہلے وزیر زماں خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے عازمین حج کو بہترین سہولت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ان کی حکومت میں یہاں اور پٹنہ حج بھون میں اچھا انتظام ہوا ہے۔ عازمین حج کو کسی طرح کی کمی نہیں ہوگی۔ یہاں ہوائی اڈے پر کھانے پینے ٹھہرنے اور عبادت وریاضت میں وقت گزارنے کے لئے اچھا انتظام ہے جبکہ وزیر وگیا انچارج وزیر اسرائیل منصوری نے کہاکہ عظیم اتحاد کی حکومت بلا تفریق منصوبوں اور کاموں کو انجام دے رہی ہے۔