پٹنہ:بہار اسمبلی میں عظیم اتحاد کی قیادت والی ریاستی حکومت کی جانب سے بجٹ پاس کیا جائے گا۔ادھر اقلیتی بجٹ کو لیکر عوام نے بھی ردعمل ظاہر کیا ہے. آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت بہار کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر انوار الہدی نے کہا کہ اقلیتوں کے فلاح و بہبود کے لئے کئی منصوبوں کو مدنظر میں رکھتے ہوئے حکومت تو بجٹ پیش کر دیتی ہے مگر زمین سطح پر ان منصوبوں کا نفاذ نہیں ہوتا۔ اس کے نتیجے میں مختص رقم واپس ہو جاتی ہے۔ اس کا خمیازہ اقلیتوں کو بھگتنا پڑتا ہے،
ڈاکٹر انوار الہدی نے کہا کہ محکمہ اقلیتی فلاح کے کئی ایسے ادارے ہیں جہاں فلاحی کاموں پر بہت ہی قلیل رقم خرچ ہو پاتی ہے۔ بہار اردو اکاڈمی میں مستقل سکریٹری اور مجلس عاملہ کی تشکیل نہیں ہونے سے جو کام ہونا چاہیے وہ نہیں ہو رہا ہے۔کارگزار سکریٹری نے اکاڈمی کے فلاح کے لئے اب تک کوئی ایسا کام نہیں کیا ہے جس میں پیسے خرچ ہوں۔ انعامات، سمینار، اشاعتی کاموں میں تعاون جیسے کئی ایسے کام ہیں جو رقم ہونے کے بعد بھی کارگزار سکریٹری نے خرچ نہیں کیا۔