دہلی میں واقع آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے قومی صدر و رکن پارلیمان اسدالدین اویسی کے گھر پر گزشتہ روز ہوئے حملہ کی ہر چار جانب مذمت کی جارہی ہے۔ اس دوران اسدالدین اویسی کی رہائش گاہ پر ہوئے حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے آج ارریہ جوکی ہاٹ کے رکن اسمبلی شاہنواز عالم نے کہا کہ 'جو لوگ حملہ کئے ہیں وہ کس ذہنیت کے لوگ تھے اس کی جانچ ہونی چاہیے'۔
شاہنواز عالم نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ اویسی صاحب کے گھر سے محض کچھ دوری پر وزیراعظم کی رہائش گاہ ہے اور وہیں سے کچھ دوری پر پارلیمنٹ ہاؤس ہے، اس کے باوجود بھی دن کے اجالے میں رکن پارلیمان کے گھر پر حملے کیے جارہے ہیں۔
رکن اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ 'اس سے قبل بھی اویسی صاحب کے گھر پر کئی بار حملے ہوئے ہیں۔ اویسی صاحب نے مرکزی حکومت کو ان کے اوپر کیے جارہے حملے سے آگاہ بھی کیا تھا، لیکن حکمراں جماعت نے کوئی توجہ نہیں دی۔
شاہنواز عالم نے کہا کہ جب دارالحکومت میں ایک رکن پارلیمان محفوظ نہیں ہے تو ملک کے عوام کا کیا ہوگا، اس کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔