ارریہ ضلع کے تمام اسمبلی حلقہ کے نتائج آ گئے ہیں۔ دیر شام ارریہ اسمبلی حلقہ سے فتح حاصل کرنے والے کانگریس امیدوار عابدالرحمن مارکیٹنگ یارڈ پہنچے جہاں انہیں جیت کی سرٹیفکیٹ آر او آفیسر کے ذریعہ دیا گیا۔
کانگریس امیدوار عابدالرحمن و ایم آئی ایم امیدوار شاہنواز عالم کو جیت کی سند عابدالرحمن کل ایک لاکھ دو ہزار 88 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ ان کی حریف شگفتہ عظیم کو 55 ہزار 27 ووٹ ملے۔ اس طرح سے عابدالرحمن نے شگفتہ عظیم پر سبقت حاصل کرتے ہوئے 47028 سے جیت درج کی۔
وہیں دوسری جانب ارریہ کے جوکی ہاٹ اسمبلی حلقہ سے پہلی بار انتخابی میدان میں قسمت آزما رہی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین بھی جیت درج کرنے میں کامیاب ہوئی، یہاں سے مجلس کے امیدوار شاہنواز عالم کو کل 59523 ووٹ ملا۔ جبکہ ان کے حریف و بڑے بھائی، راجد کے سرفراز عالم کو 51980 ووٹ ملا۔ اس طرح سے شاہنواز عالم نے 7543 سے یہ جیت درج کی۔ شاہنواز عالم بھی دیر شام جیت کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے مارکیٹنگ یارڈ پہنچے۔
جیت کے بعد شاہنواز عالم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت ہماری نہیں بلکہ جوکی ہاٹ کی عوام کی ہے۔ لوگوں نے مجھ پر دوبارہ بھروسہ کیا ہے، ایک بار پھر سے ان کی امیدوں پر کھرا اترنے کی کوشش کروں گا۔ شاہنواز عالم نے کہا کہ اسدالدین اویسی صاحب نے مجھے فون کر مبارکباد پیش کی ہے۔