پٹنہ: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے بہار میں حکمراں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے خزانچی اور ایم ایل سی سنیل سنگھ ، راجیہ سبھا رکن اشفاق کریم اور فیاض احمد کے پٹنہ سمیت چار مقامات پر آ ج صبح ایک ساتھ چھاپے ماری کی۔ CBI Raids Houses of 3 RJD Leaders
سرکاری ذرائع نے بدھ کو یہاں بتایا کہ سی بی آئی نے آر جے ڈی کے تین لیڈروں کے پٹنہ کے علاوہ پورنیہ، مدھوبنی اور بھاگلپور کے ٹھکانوں پر بیک وقت چھاپے ماری کی۔ غالباً یہ چھاپے ماری نوکری کے بدلے زمین گھوٹالے کے معاملے میںہورہی ہے۔ دریں اثنا، آر جے ڈی کے خزانچی اور بسکمان کے صدر سنیل سنگھ نے اسے انتقامی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ انہیں پھنسانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی نے سابق ریلوے وزیر اور آر جے ڈی کے قومی صدر لالو پرساد یادو، ان کی اہلیہ اور بہار کی سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی، دو بیٹیوں، ایک نوکرشاہ اور کچھ دیگر لوگوں کے خلاف زمین گھوٹالہ معاملے میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ الزام کے مطابق، جب لالو پرساد یادو ریلوے کے وزیر تھے تو ریلوے میں گروپ ڈی کی بحالی میں لوگوں کو نوکریاں دی گئیں اور اس کے بدلے میں لالو خاندان کے افراد کے نام زمین کر دی گئی۔