گیا:ریاست بہار اقلیتی کمیشن کے دورہ کے بعد ضلع اقلیتی فلاح دفتر کے کاموں میں مزید حرکت بڑھی ہے۔پہلی بار ضلع انتظامیہ کےسوشل ذرائع کی سائٹ پر لائیو کرکے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اقلیتی بہبود نے اسکیموں کی جانکاری دی ہیں۔ گزشتہ کل ہی کمیشن نے ڈی ایم سے کہا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ متعلقہ محکمہ اقلیتی اسکیموں کے تعلق سے تشہیر کرائے کیونکہ آج بھی بہار حکومت کی اسکیموں کے تعلق سے عام مسلمانوں کو زیادہ علم نہیں ہے۔
اس ہدایت کے بعد ضلع انتظامیہ کے افسران حرکت میں ہیں ، سوشل ذرائع پر آکر تفصیلی جانکاری فراہم کی جارہی ہے ، البتہ ضلع اقلیتی بہبود کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر راہل کمار نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ کمیشن کے دورہ کے بعد ضلع انتظامیہ کا محکمہ اقلیتی فلاح دفتر حرکت میں ہے ، اُنہوں نے اپنے لائیو نشر کے تعلق سے کہا کہ یہ ایک معمول کے مطابق ہوا ہے۔ بہار کے اکثر ضلعوں میں فیس بک اور دوسرے سوشل ذرائع پر ویڈیو اور لائیو کے ذریعے عوامی بہبود اسکیموں کی جانکاری دی جارہی ہے ۔
ضلع کے کئی محکموں کے افسران نے بھی اس سے قبل فیس بک پر آکر لائیو کیا تھا تاکہ وہ اپنے محکمہ کی اسکیموں ، کاموں اور اب تک کی پیش رفت کے ساتھ اس سے استفادہ کرنے کے کاغذی امور کے طور طریقوں کو بتا سکیں ، راہل کمار نے کہا کہ اسی کڑی میں اُنکے محکمہ کی جانب سے بھی لائیو کیا گیا ہے لیکن اتفاق ہے کہ کمیشن کے دورہ کے فوری ہی اُنکے محکمہ کی باری آگئی ۔ اس وجہ سے لوگوں کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ کمیشن کی ہدایت کے بعد یہ ممکن ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ البتہ یہ کہ کمیشن نے اپنے جائزہ کے دوران تشہیر کے تعلق سے خاص ہدایت دی تھی کہ اقلیتی علاقوں بستیوں اور محلوں تک حکومت کی اسکیموں کی جانکاری پہنچے ، اسکے لیے محکمہ کے ضلعی دفتر کو مزید کام کرنے ہونگے ، ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن نے پہلے ہی ڈسٹرک رابطہ عامہ کے آفیسر کو ہدایت دی ہے کہ ضلع میں مزید جگہوں پر بینر پوسٹر کے توسط سے اقلیتی اسکیموں کی جانکاری دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوں۔