گیا:ریاست بہار کے گیا ایئرپورٹ کا ماحول اس وقت غمگین ہو گیا جب تیسرے قافلے میں دو خاتون اور ایک مرد حاجی اپنے رشتہ داروں سے مل کر زار و قطار رونے لگے انہیں دیکھ کر وہاں موجود سبھی کی آنکھیں نمناک ہو گئیں۔ ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن بھی انہیں روتا دیکھ کر خود کو روک نہیں پائے بلکہ وہ بھی ایک حاجی کے قریب جا کر انہیں تسلی دی اور کہا کہ ضلع انتظامیہ آپ کے غم میں برابر کا شریک ہے دراصل گیا شہر کے دو حاجی اور پٹنہ کے ایک حاجی کا مکۃ المکرمہ میں انتقال پر ملال ہو گیا تھا۔ آج ان حاجیوں کے ساتھ جانے والے رشتہ دار وطن واپس آئے ہیں۔
بہار کے حجاج کرام کی وطن واپسی کے تیسرے قافلے میں 144 حاجیوں کی واپسی ہوئی ، دو خواتین ایسی تھیں جنکے شوہر مکہ میں انتقال کر گئے تھے ، ان میں ایک خاتون وہ تھیں جنکے شوہر دس جون کو ہی انتقال کر گئے تھے جس کے بعد انکے بیٹا کو حج کے ارکان کی ادئیگی کی اجازت دی تھی اور وہ پھر یہاں سے روانہ ہوئے تھے جبکہ ایک حاجی سکندر امام تھے جن کے بھائی حیدر امام کا انتقال ہوا تھا۔اب تک بہار کے سات حاجی انتقال کر چکے ہیں۔