لکھنؤ: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے سلسلے میں 24 دسمبر کو روہنیا اسمبلی حلقہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے جو وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی کا حصہ ہے۔ بہار کے وزیر اور جنتا دل (یونائیٹڈ) کے سکریٹری (تنظیم) شراون کمار نے اس پروگرام کی تصدیق کی ہے۔
شراون کمار نے کچھ مقامی لیڈرز کے ساتھ ہفتہ کو نتیش کمار کی ریلی کے مقام کو حتمی شکل دینے کے لیے روہنیا کا دورہ کیا۔ روہنیا جلسہ عام میں پوروانچل علاقے کے پارٹی لیڈر اور کارکن موجود ہوں گے، جو لوک سبھا انتخابات کے لیے نتیش کمار کی پہلی ریلی ہوگی۔
شراون کمار نے کہا کہ 2024 کے عام انتخابات کے سلسلے میں وارانسی کے علاوہ اعظم گڑھ، پرتاپ گڑھ، پریاگ راج، پھول پور، امبیڈکر نگر اور مرزا پور پر توجہ دی جائے گی۔ حکمراں بی جے پی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے بہار کے وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ ذات پات اور مذہب ان کے ایجنڈے میں شامل ہیں جبکہ ’’ہمارا ایجنڈا بھائی چارہ اور محبت ہے۔‘‘