بھاگلپور، بہار: بھاگلپوری سِلک کی طرح ہی یہاں کا کچھی شو (جوتا) صرف بہار ہی میں نہیں بلکہ بیرون ریاستوں میں بھی کافی مقبول تھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق کچھی شو کی یہ صنعت بھاگلپورمیں ملک کی آزادی سے قبل شروع ہوئی تھی اور اسے گجرات کے ضلع کچھ کے باشندہ محمد صادق نے شروع کیا تھا، انہیں کی نسبت سے اس کو کچھی جوتا چپل کہا جاتا ہے، ریکسن اور چمڑے سے تیار کردہ کچھی جوتا، چپل کی رونق بازاروں میں رہتی تھی، لیکن نئے دور میں مشینوں کے استعمال سے ان کے ہاتھوں سے تیار کردہ جوتے، چپلوں کی مانگ کم ہوتی چلی گئی۔ Business Related to Kachhi Leather of Bhagalpur Disturbed
ستر سال کے عبد الرزاق جوتا، چپل کے اپنے ماند پڑتے کاروبار کو پھر سے جِلا بخشنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ریاست بہار کے بھاگلپور شہر میں واقع تاتارپور بازار میں عبد الرزاق کا کچھی شو کا کاروبار تقریباً 5 دہائی پرانا ہے۔ کبھی ان کے کارخانے میں درجنوں کاریگر کام کرتے تھے اور چوبیس گھنٹے کام چلا کرتا تھا لیکن وقت کے ساتھ قدم نہ ملا پانے کے باعث ان کے بنائے جوتے چپلوں کی مانگ کم ہوتی گئی اور اب ان کاروبار محض نام کا رہ گیا ہے۔