پٹنہ: ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ مین بزمِ صدف انٹرنیشنل کے عالمی سمینار کو خطاب کرتے ہوئے منعقدہ قطر کی معروف سماجی اور تعلیمی شخصیت جناب حسن عبد الکریم چوگلے نے کہاکہ اپنے معاشرے کو اگر ہمیں بدلنا ہے اور بہتر تبدیلی چاہتے ہیں تو تعلیم سے بڑا کوئی ہتھیار نہیں ہے۔ اردو زبان کے چاہنے والوں کا یہ فریضہ ہے کہ سماج کو تعلیم کی روشنی سے مالا مال کریں اور سب سے بڑھ کر کتابوں کی تصنیف اور تالیف کے ساتھ اُن کی اشاعت پر خصوصی توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر طبقے اور ہر کام کے لئے ہماری زبان میں کتابوں کا ایک سلسلہ ہونا چاہیے۔ بزمِ صدف نے یہ اچھا کام کیا کہ مشاعروں کے ساتھ سے سمینار، عوامی فلاحی کاموں کے ساتھ کتابوں کی اشاعت کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے۔ اِس کے اثرات دیر پا ہوں گے اور سماج کو اِس سے بڑا فائدہ حاصل ہوگا۔
عالمی تہذیب و ثقافت کے موضوع کے حوالے سے کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے بزمِ صدف کے ڈائرکٹر اور معروف نقّاد پروفیسر صفدر امام قادری نے بتایا کہ زبانوں اور مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کا طَور اردو کے آغاز کے زمانے سے ہی ملتا رہا ہے۔ ساتویں صدی سے بارہویں صدی کے دَوران ہندستان میں جو لسانی اشتراک اور لین دین کا ماحول تیّار ہوا۔ اُسی کا ایک خوش گوار نتیجہ اردو کی پیدایش بھی ہے۔ اِس سے پہلے سنسکرت یا پراکرت یا دراویڈی زبانوں میں اشتراک کا کوئی عمومی سلیقہ نظر نہیں آتا تھا۔ زبانیں عوامی اور سیاسی یا مذہبی جاگیروں کی طرح خانہ بندی میں اُس زمانے تک نظر آتی ہیں مگر جس زمانے میں اردو کی تشکیل ہو رہی ہے، اُس عہد میں ایک خاص روادارانہ شعور پیدا ہوتا ہوا نظر آتا ہے جسے پوری علمی دنیا نے امیر خسرو کی شخصیت اور شکل میں پہچانا۔
بزمِ صدف کے چیر مین شہاب الدین احمد نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ بزمِ صدف اپنے علمی و ادبی اور ترویج و اشاعت کے کام میں کل وقتی طَور پر لگی ہوئی ہے۔ بزمِ صدف کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ اردو زبان کی عالمی حیثیت کے شواہد ہر محفل میں پیش کئے جائیں۔ زبانوں سے قوموں کامزاج سمجھ میں آتا ہے۔ اردو برِّ صغیر ہی نہیں عالمی طَور پر امن اور اخوت کے اوصاف کو عام کرنے کے لئے کوشاں رہی ہے۔
کلیدی خطبے کے بعد معروف افسانہ نگار داکٹر شکیل کی صدارت میں پینل ڈسکشن کا سلسلہ شروع ہوا اور ناظمِ مجلس نے ماہرین سے گزارش کی کہ وہ اپنے تجربات و مشاہدات کے حوالے سے مذاکرے کے علمی دایرۂ کار میں توسیع کریں۔