عام انتخابات: ارریہ میں انتظامیہ چاق و چوبند
ریاست بہار کے ضلع ارریہ میں عام انتخابات کے امیدواروں کے لیے صبح دس بجے سے شام چار بجے تک پرچہ نامزدگی کا وقت متعین کیا گیا ہے۔
متعلقہ تصویر
عام انتخابات کے لیے ارریہ ضلع انتظامیہ نے ساری تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جگہ جگہ بیریکٹ، سی سی ٹی وی اور پولس اہلکاروں کی مستعدی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
حالانکہ پرچہ داخلے کا عمل کل سے شروع ہو گیا ہے، تاہم کل کسی بھی امیدوار نے پرچہ داخل نہیں کیاتھا۔ آج عظیم اتحاد کے امیدوار اور آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ سرفراز عالم دو بجے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ ان کے جلوس میں تیجسوی یادو، جیتن رام مانجھی، مکیش سہنی سمیت اتحاد کے کئی بڑے لیڈران شامل ہوں گے۔
اس کے بعد سبھاش اسٹیڈیم میں جلسہ عام ہوگا۔
این ڈی اے کے امیدوار و بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ پردیپ کمار سنگھ 4 اپریل کو پرچہ نامزدگی داخل کریں گے جس میں بی جے پی کے کئی اعلیٰ لیڈران کے شریک ہونے کی امید ہے۔
انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوتے ہی پورے ضلع میں 144 نافذ ہے، ضلع انتظامیہ بھی انتخاب کو لے کر حساس نظر آتی ہے۔ ضلع کلکٹر بیجناتھ یادو کے مطابق ہم لوگوں کی ترجیحات اس انتخاب کو خیر و خوبی سے انجام تک پہنچانا ہے، جس کے لئے پولس دستہ دن رات محنت کر رہی ہے۔