گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع فتح پور کے منجهولی اور بدرواں گاوں میں دوسرے دن حالات معمول پر ہیں ،کل منگل کو دو طبقے کے درمیان معمولی باتوں کی کہا سنی کے بعد جھگڑا ہوگیا تھا جسکے بعد دونوں طرف سے جم کر اینٹ پتھر بھی چلے تھے جس میں کئی افراد کو معمولی چوٹیں بھی آئی تھیں لیکن بعد میں پولیس کی بروقت کاروائی اور اعلی افسران کی سنجیدگی سے حالات قابو کر لیے گئے تھے تاہم اس دوران کچھ شرارتی لڑکوں نے قبرستان کی چہار دیواری کو نقصان پہنچا دیا تھا جسکی حساسیت کو سمجھتے ہوئے پولیس جوانوں کی تعیناتی دونوں گاوں میں کردی گئی تھی ،ڈی ایم نے خود جائزہ لینے کے بعد قبرستان کی ٹوٹی ہوئی باؤنڈری کی فوری طور پر مرمتی کی ہدایت دی تھی جسکے بعد آج اطلاع کے مطابق قبرستان کی باؤنڈری کو درست کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
وہیں پولیس نے اب تک اس معاملے میں دونوں طرف سے قریب 20 لوگوں کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے ماحول کو مکدر کرنے کی کوشش کی تھی البتہ دونوں طرف کے لوگوں کے ذریعے پولیس کی اس کاروائی پر سوال کھڑے کیے جارہے ہیں اور دعوے کیے جارہے ہیں کچھ ایسے لوگ بھی پولیس کی گرفت میں آئے ہیں جو اس جھگڑے کے دوران موجود نہیں تھے لیکن پولیس کا کہنا ہے اُنہیں ہی پکڑا گیا ہے جو براہ راست اس ہنگامے میں شامل تھے ،ہنگامہ کرنے کے دوران خیال نہیں ہوتا ہے کہ وہ کیا کررہے ہیں اور اسکا آگے کیا نتیجہ نکلے گا لیکن جب پولیس کی کارروائی ہوتی ہے تو وہ خود کو صاف ستھرا بتانے لگتے ہیں ،پولیس بے قصوروں پر کاروائی کیوں کرے گی ؟ تحقیق جاری ہے اگر ایسا کوئی پایا جاتا ہے تو اسکے خلاف کاروائی واپس لی جائے گی۔