شمالی کشمیر کے سوپور قصبہ میں زرِمنز وٹلب علاقے میں خستہ حال سڑک کی وجہ سے مقامی آبادی کو کشتی کے ذریعے سفر کرنا پڑ رہا ہے۔
ای ڈی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ’’زرمنز علاقہ سوپور اور ضلع بانڈی پورہ کے درمیان واقع ہے، تاہم ترقیاتی لحاظ سے علاقے کو انتظامیہ کی جانب سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔‘‘
عوام کا کہنا ہے کہ علاقے کو مین ٹائون سے جوڑنے والی واحد سڑک انتہائی خستہ ہے جس پر گاڑیوں کی آمد و رفت ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا: ’’محض آدھے کلومٹر مسافت کی سڑک کچی اور اکثر و بیشتر ولر جھیل کے پانی کی لپیٹ میں آنے سے سڑک قابل استعمال نہیں جس سے کثیر آبادی کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘