جموں و کشمیر پولیس نے دو جولائی کو شمالی کشمیر کے اوڑی قصبے میں نوجوانوں کے ایک گروپ کی طرف سے سرحد پار کرنے کی ایک ناکام کوشش کے سلسلے میں ایک اور گائیڈ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اوڑی میں دو جولائی کو تین نوجوانوں کے ایک گروپ کو ایک گائیڈ سمیت سرحد پار کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پرویز احمد حجام ساکن گوہالن اوڑی نامی گائیڈ نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا تھا کہ محمد مجنون شیخ ولد اقلی شیخ ساکن بونیار نامی ایک اور گائیڈ بھی اس معاملے میں ملوث ہے۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے کارروائی کر کے دوسرے گائیڈ کو بھی گرفتار کر کے اس کی تحویل سے کچھ قابل اعتراض مواد برآمد کیا۔
یہ بھی پڑھیں:بارہمولہ: ڈرونز کی خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی
بتا دیں کہ قبل ازیں ایک پولیس بیان کے مطابق اوڑی میں دو جولائی کو تین مقامی نوجوان پرویز احمد حجام نامی گائیڈ کے پاس گوہالن سیکٹر کے راستے سرحد پار کرنے کی غرض سے پہنچے تھے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ نوجوانوں کی طرف سے سرحد پار کرنے کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا تھا اور تینوں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔
گرفتار شدگان کی شناخت محمد شفیع حجام ولد عبدالاحد حجام، ریاض احمد بٹ ولد منظور احمد بٹ ساکنان شریری مرہر اور یاسر بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن چتلورہ سوپور کے بطور کی گئی تھی۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے کچھ قابل اعتراض مواد بشمول تیز دھار والے چاقو، ٹارچ وغیرہ برآمد کی گئی تھی۔