سری نگر:شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں پولیس حراست سے فرار ہونے والے دو ملی ٹینٹوں کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بارہ مولہ پولیس اسٹیشن میں زیر حراست دو ملزم اعلیٰ الصبح سحری کے وقت فرار ہوئے جس کے بعد پولیس نے ضلع بارہ مولہ اور سوپور میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی۔
انہوں نے بتایا کہ بارہ مولہ کے متعددعلاقوں میں ناکوں کا جال بچھانے کے بعد بدھ کی شام مفرور ملی ٹینٹوں کو دوبارہ حراست میں لیا گیا۔ ان کے مطابق دونوں ملی ٹینٹ گزشتہ سال بارہ مولہ میں شراب کی دکان پر گرینیڈ حملے میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔بارہ مولہ پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اسٹیشن سے دو ملی ٹینٹ فرار ہونے کے بعد پولیس نے ضلع بھر میں سی سی ٹی وی فوٹیج کو کھنگالنا شروع کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہیومن اور ٹیکنیکل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور سخت کوششوں کے بعد بدھ کی شام دونوں کو اولڈ ٹاون بارہ مولہ سے گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔