بارہمولہ (جموں و کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں جموں و کشمیر پولیس نے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے ممنوعہ اشیاء برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے بارہمولہ کے دہلانہ اور پٹن علاقوں میں ناکے قائم کیے تھے۔ پولیس کے مطابق ناکہ چیکنگ دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دو افراد کو پولیس نے مستعدی سے دھر لیا۔ بارہمولہ پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی ذاتی تلاشی کے دوران پولیس نے ان کے قبضے سے ممنوعہ اشیاء (منشیات) برآمد کر لی۔ پولیس نے موقع پر ہی منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔
بارہمولہ پولیس نے منشیات فروشوں کی شناخت غلام حسن گنائی اور رافب بشیر کے طور پر کی ہے اور یہ دونوں بارہمولہ کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے منشیات فروش کے خلاف پولیس اسٹیشن پٹن اور بارہمولہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ وہیں پولیس کی اس کارروائی پر لوگوں نے حکام، جموں و کشمیر پولیس کی ستائش کی اور اور معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے حوالہ سے کی جارہی کوششوں میں حکومتی اداروں، جموں و کشمیر پولیس کا ساتھ دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔