بارہمولہ: بارہمولہ پولیس نے سیاحتی مقام گلمرگ میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کے ایک کنبے کو بچا لیا جو گنڈولہ سواری کے دوران واپس آنے کا راستہ بھول کر کنگڈوری علاقے میں پھنس گیا تھا۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ بارہمولہ پولیس نے تلنگانہ سے گلمرگ کی سیر کرنے آئے 4 بچوں سمیت 7 افراد پر مشتمل ایک کنبے کو بچالیا۔انہوں نے کہا کہ گلمرگ میں یہ کنبہ گنڈولہ سواری پر گیا تھا کہ اس دوران وہ واپسی پر گنڈولہ (فیز سیکنڈ) کا راستہ بھول گئے اور کنگڈوری علاقے میں ہی پھنس گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن گلمرگ کی ایک بچائو ٹیم نے اے ٹی ویز اور گھوڑے والوں کے ساتھ کنگڈوری علاقے میں تلاش شروع کی۔بیان میں کہا گیا کہ یہ بچائو ٹیم بالآخر سیاحوں کے کنبے تک پہنچ گئی اور اس کنبے کو بچا کر واپس گلمرگ لایا۔دریں اثنا اس ٹورسٹ فیملی نے بارہمولہ پولیس کی اس بر وقت کارروائی کی سراہنا کی۔