بارہمولہ (جموں و کشمیر):شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں جموں کشمیر پولیس نے جسم فروشی کے ایک ریکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو خواتین سمیت چھ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بارہمولہ پولیس کو معتبر ذرائع سے اطلاع موصول کہ بس اسٹینڈ بارہمولہ کے قریب کرائے کے ایک مکان میں کچھ افراد غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور اس کے ساتھ ہی پولیس نے فوری طور خصوصی تلاشی کارروائی شروع کی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا۔
بارہمولہ پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک پریس بیان کے مطابق انسپکٹر ولایت حسین کی قیادت میں ایس ایچ او پولیس اسٹیشن بارہمولہ کی نگرانی میں خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے قحبہ خانہ کا پردہ فاش کیا۔ پریس بیان کے مطابق ’’اس ریکٹ میں ملوث لطیف احمد چیچی ولد محمد یونس چیچی ساکنہ ملنگام، بانڈی پورہ (کرایہ دار)، الطاف احمد ڈار ولد غلام احمد ڈار ولد کرالہار بارہمولہ، خورشید احمد چیچی ولد عبدالرشید چیچی ساکنہ ملنگام، بانڈی پورہ، منظور احمد خان ولد سیف الدین خان ساکنہ قاضی ہمام، بارہمولہ کے علاوہ دو خواتین سیکس ورکرز (جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا) کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔‘‘