بارہمولہ (جموں و کشمیر) :شمالی کشمیر کے سرحدی قصبہ اوڑی میں محکمہ تعلیم کی جانب سے انرولمنٹ ڈرائیو کا اہتمام کیا گیا۔ اوڑی کے مختلف اسکولوں میں انرولمنٹ ڈرائیو کے دوران عوام کو سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار میں بہتری کے حوالہ سے معلومات دی گئیں تاکہ لوگ نجی اسکولوں کے بجائے اپنے بچوں کا داخلہ سرکاری اسکولوں میں کرائیں۔ اس حوالہ سے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن تصدق حسین نے اوڑی کے کوڑی علاقے کا دورہ کر کے سرحدی قصبہ کے کئی سرکاری اسکولوں کا جائزہ معائنہ کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے انرولمنٹ ڈرائیو کے میں بھی شرکت کی اور طلبہ، والدین سے بھی بات چیت کی۔ ہائیر سکینڈری اسکول اوڑی میں منعقدہ ایک تقریب میں ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن، ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ سمیت کئی افسران نے حاضرین سے خطاب کیا۔
Uri Enrolment Drive: اوڑی میں میگا انرولمنٹ ڈرائیو کا انعقاد - بارہمولہ میگا انرولمنٹ ڈرائیو
اوڑی کے مختلف علاقوں میں منعقدہ انرولمنٹ ڈرائیو میں محکمہ تعلیم، تحصیل انتظامیہ کے افسران سمیت مقامی باشندوں نے بھی شرکت کی۔
چندن واڈی کے مڈل اور پرائمری اسکول کے درجنوں طلبہ نے ان پروگرامز میں شرکت کی۔ انرولمنٹ ڈرائیو کے دوران موقع پر ہی کئی طلبہ کا مفت ایڈمیشن کیا گیا جبکہ محکمہ تعلیم کی جانب سے کتابیں اور اسکول یونیفارم بھی تقسیم کی گئی۔ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن، تصدق حسین، نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ امتحانات کا سلسلہ جاری ہے اور طلبہ کے مختلف کلاسز کا بھی سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انرولمنٹ ڈرائیو کا مقصد طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا گزشتہ کئی برسوں سے اس ڈرائیو کے ذریعے والدین سے اپنے بچوں کا داخلہ سرکاری اسکولوں میں کرائے جانے پر زور دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، محکمہ تعلیم کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں پڑھائے جانے والے نصاب میں تبدیلی لائے جانے کے علاوہ اسکولوں کا بنیادی ڈھانچہ بھی مضبوط کیا جا رہا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ اس ڈرائیو کا مقصد سبھی بچوں کو تعلیم کے نور سے منور کرنا ہے۔