جموں و کشمیر میں انتظامیہ بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت دیہی علاقوں کی ترقی کو رفتار دینے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن بارہمولہ ضلع کے کئی دیہات کے باشندے انتظامیہ کے اس منصوبے سے کافی ناراض ہیں۔
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کا کھڈپورہ لطیفہ آباد گاؤں بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ یہ گاؤں ضلع ہیڈکواٹر سے محض 20 کلو میٹر فاصلے پر آباد ہے لیکن اکیسویں صدی میں بھی سڑک، پانی، بجلی، اسپتال جیسی بنیادی سہولیات سے کافی دور ہے۔
جب ہماری ٹیم نے اس گاؤں کا دورہ کیا تو دیکھا کہ علاقے کی سڑک جو گزشتہ 7 ماہ پہلے لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے کھسک گی تھی ابھی بھی اس کی صورت حال ویسی ہی ہے۔ متعلقہ محمکہ آر اینڈ بی نے اس گاؤں کی سڑک پر مرمت کا کام آج تک شروع نہی کیا۔ بعد میں مقامی لوگوں نے اس سڑک پر سے ملبہ ہٹانے کے لیے آپس میں چندہ کیا اور سڑک سے ملبہ ہٹایا گیا۔
گاؤں تک پہنچنے کے لئے کئی کلو میٹر پیدل چلنا پڑتا ہے۔ سڑک کی خستہ حالت کے باعث گاؤں سے مریضوں کو اسپتال لے جانے کے لئے ایمبولینس کے بجائے چار پائی کا استعمال کیا جاتا ہے، ایسے میں اسپتال میں تاخیر سے پہنچنے کے باعث کئی مریض ہلاک بھی ہو جاتے ہیں۔